فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا میں سرفہرست

لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، جہاں فضائی آلودگی کی سطح انتہائی خطرناک ہوگئی ہے۔
عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کےمطابق لاہور کا ایئرکوالٹی انڈیکس 451 ریکارڈ کیا گیا، جب کہ بھارتی دارالحکومت دہلی 224 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
اعداد و شمار کےمطابق گلبرگ کے علاقے کا ایئرکوالٹی انڈیکس 758 پارٹیکولیٹ میٹرز، علامہ اقبال ٹاؤن کے علاقےکا اے کیو آئی 752 ،سید مراتب علی روڈ کے علاقےکا ایئر کوالٹی انڈیکس 613 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کیاگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق رواں دو دنوں میں بادل برسنے کا امکان ہے،بارشوں کے باعث سموگ کی شدت میں کمی ریکارڈ کی جائےگی،بارشوں سے لاہور میں سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیاجائے گا۔
دوسری جانب پنجاب کےدیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورت حال تشویش ناک ہے، ملتان میں اے کیو آئی 902،گوجرانوالہ میں 726 اور فیصل آباد میں 389 ریکارڈ کیاگیا۔
انسداد سموگ اقدامات کے باوجود لاہور کے متعدد علاقوں میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر برقرار ہے،جس سے شہریوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
