بشری بی بی نے عمران خان کی سیاست کیسے ڈبوئی؟

اڈیالہ جیل میں عمران خان کے ساتھ قید کی سزا کاٹنے والی بشریٰ بی بی تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں محض خاتونِ اول نہیں تھیں بلکہ وزیراعظم کی روحانی گائیڈ بھی تھیں اور حکومتی تقرریوں، سیاسی فیصلوں، اہم شخصیات سے تعلقات اور عمران کے روزمرہ معمولات تک پر اثرانداز ہوتی تھیں۔ معروف برطانوی جریدے دی اکانومسٹ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمران خان اہم عہدوں کے لیے امیدواروں کے انتخاب میں بھی اپنی اہلیہ سے مشورہ کرتے تھے، جبکہ بشریٰ بی بی کی رائے سے اختلاف کرنے والے بعض قریبی ساتھیوں کو ان سے دور ہونا پڑا۔
معروف برطانوی صحافی اوون بینیٹ جونز نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے تعلقات، ان کی شادی اور خان کے دور حکومت میں بشریٰ بی بی کے اثرورسوخ کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی سے عمران خان کا تعارف ان کی بڑی بہن مریم کے ذریعے ہوا تھا، جو تحریک انصاف سے وابستہ تھیں۔ ابتدا میں بشریٰ بی بی انہیں روحانی مشورے دیتی تھیں، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ تعلق قربت اور پھر شادی میں بدل گیا۔ دونوں نے یکم جنوری 2018 کو شادی کی اور چند ماہ بعد عمران خان وزیراعظم بن گئے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان اپنی اہلیہ کی رائے کو غیر معمولی اہمیت دیتے تھے۔ سابق معاونِ خصوصی عون چوہدری اور بنی گالہ کے سابق ملازم انعام شاہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اہم سرکاری عہدوں کے لیے زیرِ غور افراد کی تصاویر عمران خان بشریٰ بی بی کو بھیجتے تھے تاکہ وہ چہرے دیکھ کر اپنی رائے دے سکیں۔ رپورٹ کے مطابق بشریٰ بی بی بعض تقرریوں کے علاوہ دیگر انتظامی معاملات میں بھی مداخلت کرتی تھیں، جبکہ ان کے مشوروں کو وزیراعظم کی جانب سے اہمیت دی جاتی تھی۔
مضمون میں بعض واقعات کی مثالیں بھی دی گئی ہیں جن سے بشریٰ بی بی کے اثرورسوخ کا اندازہ لگانے کی کوشش کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق عون چوہدری کو عمران خان کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت سے روکنے کے پیچھے بھی بشریٰ بی بی کا ایک خواب بتایا گیا تھا، جبکہ ایک اور واقعے میں دعویٰ کیا گیا کہ ان کے مشورے پر طیارے کی روانگی کئی گھنٹے مؤخر رہی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی رائے سے اختلاف کرنے والے یا ان پر تنقید کرنے والے بعض افراد عمران خان کے قریب نہیں رہ سکے اور ان کے سیاسی حلقے میں ان کی حیثیت متاثر ہوئی۔
رپورٹ میں بشریٰ بی بی کے روحانی رجحانات اور غیر معمولی سرگرمیوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ ان کے سابق ڈرائیور محمد صفیر اور سابق شوہر کے خاندان سے تعلق رکھنے والے بعض افراد کے حوالے سے گوشت، مرچوں اور دیگر اشیا کے ذریعے مب رسومات ادا کرنے کے دعوے کیے گئے ہیں۔ تاہم تحریک انصاف کے ترجمان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ سابق ملازمین کی طرف سے پھیلائی جانے والی بے بنیاد باتیں ہیں، جن کی کوئی ساکھ نہیں۔
مضمون میں بھی واضح کیا گیا ہے کہ ان سرگرمیوں سے متعلق بیشتر تفصیلات ایسے افراد سے حاصل کی گئیں جو کسی وقت خان کے گھرانے سے وابستہ رہے، مگر بعد میں اپنی ملازمتیں کھو بیٹھے۔ لیکن اس رپورٹ کا سب سے غیر معمولی دعویٰ بشریٰ کے ذریعے انٹیلی جنس معلومات عمران تک پہنچانے سے متعلق ہے۔ رپورٹ میں پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی سے وابستہ بعض حلقوں اور ایک روحانی شخصیت کے درمیان رابطوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کسی سیاست دان کی گرفتاری یا کسی اہم واقعے سے متعلق پیشگی معلومات بشریٰ بی بی کے ایک پیر تک پہنچائی جاتی تھیں۔ اس کے بعد وہ عمران خان کو یہ تاثر دیتی تھیں کہ انہیں مستقبل کے بارے میں کوئی روحانی اشارہ یا پیش گوئی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جب بعد میں وہ واقعہ پیش آ جاتا تو عمران خان ان کی روحانی بصیرت پر مزید یقین کرنے لگتے تھے۔ بشری بی بی پر عمران خان کا یہی یقین آگے چل کر ان کی سیاست کی تباہی کا باعث بنا۔
برطانوی جریدے میں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور عمران خان کے تعلقات میں خرابی کے تناظر میں بھی بشریٰ بی بی کے کردار کا ذکر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فوجی قیادت کے بعض حلقوں کو وزیراعظم کے معاملات میں ان کی اہلیہ کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ پر تحفظات تھے۔ اس ضمن میں جنرل عاصم منیر کے ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے ہٹائے جانے کے واقعے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے عمران خان کو بشریٰ بی بی کے بعض قریبی افراد سے متعلق معلومات فراہم کی تھیں، جس پر اختلافات پیدا ہوئے۔ عمران خان اس الزام کو مسترد کرتے رہے ہیں اور ان کا مؤقف رہا ہے کہ جنرل عاصم منیر نے ان کی اہلیہ کے خلاف ذاتی مہم چلائی۔
سہیل آفریدی کا فرنٹ مین ہادی عرف پتنگ کرپشن میں مطلوب
دی اکانومسٹ کی رپورٹ کے مطابق بشریٰ عرف پنکی پیرنی کا سیاسی کردار عمران خان کے وزیراعظم ہاؤس سے نکلنے کے بعد بھی ختم نہیں ہوا۔ نومبر 2024 میں اسلام آباد کی جانب تحریک انصاف کے احتجاجی مارچ میں ان کی قیادت اور کارکنوں کو متحرک کرنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ تاہم یہ لانگ مارچ ناکام ہونے کا ذمہ دار بھی بشری کو ہی قرار دیا جاتا ہے کیونکہ انہوں نے حکومت کے ساتھ مذاکرات سے انکار کر کے عمران کی رہائی کے لیے ڈی چوک میں دھرنا دینے کی کوشش کی جسکے بعد سکیورٹی فورسز حرکت میں آئیں اور لانگ مارچ کے شرکا فرار ہو گئے۔ مختصر یہ کہ بشری بی بی کو عمران خان کی سیاسی زندگی میں ایک ایسی بااثر شخصیت کے طور پر پیش کیا ہے جس کا سیاسی کردار انکی وزارتِ عظمیٰ کے دوران بھی زیرِ بحث رہا اور اقتدار سے محرومی کے بعد بھی ان کی سیاسی حکمتِ عملی سے جڑا ہوا ہے۔
