جمائمہ کا سابقہ بوائے فرینڈ رسل پر جنسی حملے کا الزام

حال ہی میں دوسری شادی کرنے والی عمران خان کی پہلی اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ نے اپنے سابق بوائے فرینڈ اور معروف برطانوی کامیڈین رسل برینڈ پر تشدد اور بدسلوکی کے الزامات عائد کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ 2014 میں ایسے ہی ایک پُرتشدد واقعے کے دوران انہیں رسل برینڈ کو اپنے گھر سے نکلوانے کے لیے پولیس بلانا پڑی تھی۔ تاہم جمائمہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں جنسی حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا، کیونکہ رسل کو ایک برطانوی عدالت نے جنسی جرائم کا مجرم قرار دیتے ہوئے ساڑھے سال قید کی سزا سنا دی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق یہ انکشاف تب سامنے آیا ہے جب 51 سالہ رسل برینڈ کو لندن کی ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ نے ریپ اور جنسی حملوں کے مقدمے میں مجرم قرار دیا۔ انہیں 2009ء میں اپنے گھر میں ایک خاتون کے ساتھ ریپ اور تین دیگر خواتین پر جنسی حملوں کے الزامات میں قصوروار ٹھہرایا گیا۔ چار ہفتے جاری رہنے والی سماعت کے دوران چار خواتین سے متعلق 2004ء سے 2009ء کے واقعات کا جائزہ لیا گیا۔

52 سالہ جمائمہ گولڈ سمتھ نے رسل کو عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے تفصیلی بیان میں کہا کہ 2014ء میں رسل برینڈ کے ساتھ تعلقات کے دوران ایک پُرتشدد واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد انہیں پولیس کی مدد حاصل کرنا پڑی۔ ان کے مطابق انہوں نے اس واقعے پر مقدمہ درج نہ کرانے کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ وہ اپنے نوعمر بچوں پر میڈیا کی توجہ کے ممکنہ اثرات کے بارے میں فکرمند تھیں۔

 

جمائمہ نے کہا کہ اگرچہ ان کی ذاتی تکلیف ان خواتین کی اذیت کے مقابلے میں بہت کم ہے جنہوں نے عدالت میں اپنے ساتھ ہونے والے واقعات بیان کیے، تاہم یہ ان کی زندگی کا ایک مشکل دور تھا جس کے دیرپا اثرات مرتب ہوئے۔ انہوں نے ان خواتین کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے رسل برینڈ کے خلاف عدالت میں گواہی دی اور کہا کہ انہیں اطمینان ہے کہ بالآخر برینڈ کو اپنے اعمال کے لیے انصاف کا سامنا کرنا پڑا۔

جمائمہ نے اپنے بیان میں 2014ء کے ایک واقعے کی تفصیلات بھی بیان کیں جس میں سلویا بیرکی نامی خاتون کا ذکر سامنے آیا۔ جمائمہ کے مطابق سات جون 2014ء کو بیرکی ان کے گھر رسل برینڈ کو مساج دینے آئی تھیں، تاہم اس ملاقات کے بعد صورتحال معمول کے مطابق نہ رہی۔ بیرکی نے بعدازاں پولیس کو بتایا کہ گھر سے جاتے ہوئے رسل برینڈ نے انہیں پیچھے سے دھکا دیا تھا اور جمائمہ کے کتے نے بھی ان پر حملہ کیا تھا۔ جمائمہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس ملاقات کے دوران کوئی غیر معمولی بات نہیں دیکھی تھی اور پولیس کو اپنا بیان دینے کے ساتھ گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی فراہم کی تھی۔

جمائمہ کے مطابق پولیس حکام نے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا کہ اس معاملے میں مزید قانونی کارروائی کی بنیاد موجود نہیں۔ بعدازاں بیرکی نے انہیں شدید یہود مخالف اور دھمکی آمیز پیغامات بھیجے اور سوشل میڈیا پر ان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے۔ جمائمہ نے بتایا کہ اس صورتحال کے بعد انہوں نے رسل برینڈ کے وکیل کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے بیرکی کو ہراساں کرنے سے روکنے کے لیے عدالتی حکم حاصل کیا تھا۔ 2015ء میں جاری ہونے والے اس عدالتی حکم کے تحت سلویا بیرکی کو جمائیمہ کو ہراساں کرنے سے منع کر دیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ میڈیا کوریج کے بعد انہیں بھی سوشل میڈیا پر شدید نفرت اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز کی چیف نیوز رپورٹر روزمند اروِن نے بھی تصدیق کی ہے کہ جمائمہ نے 2023ء میں رسل برینڈ کے خلاف ہونے والی صحافتی تحقیقات میں ان کی بہت مدد کی تھی۔ ان کے مطابق جمائمہ نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات بیان کیے ہیں۔ دوسری جانب رسل برینڈ کو ریپ کے دو دیگر الزامات اور اقدامِ دست درازی کے ایک الزام سے بری کیا گیا ہے۔ برطانوی قوانین کے تحت انہیں ساڑھے دس سال کی سزا میں سے تقریباً سات سال مکمل کرنے کے بعد رہائی ملنے کا امکان ہے، تاہم رہائی کے بعد بھی انہیں باقی سزا مخصوص قانونی پابندیوں اور نگرانی کے تحت گزارنا ہوگی۔

Back to top button