کیا حسینہ واجد کی ملک واپسی کی کوشش کامیاب ہو گی؟

 

 

 

 

بنگلہ دیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے بھارت میں اپنی خود ساختہ جلاوطنی ختم کرکے ڈھاکہ واپسی کی راہ ہموار کرنے کے لیے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا کی درخواست تو دے دی ہے، تاہم بنگلہ دیش کی فوجی اسٹیبلشمنٹ اور موجودہ حکمران جماعت انہیں وطن واپسی کا راستہ دینے پر آمادہ دکھائی نہیں دیتیں۔ شیخ حسینہ نے یہ درخواست لندن کی قانونی فرم میٹرکس چیمبرز کے ایک وکیل کے ذریعے نئی دہلی میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن میں جمع کرائی ہے، جہاں سے اسے مزید کارروائی کے لیے وزارت خارجہ بھجوا دیا گیا ہے۔

 

یاد رہے کہ شیخ حسینہ کا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ اگست 2024 میں حکومت سے معزولی اور بھارت فرار ہونے کے بعد عبوری حکومت نے منسوخ کر دیے تھے۔ نئی دہلی میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن نے درخواست موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسے بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کو بھیج دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ڈھاکہ حکومت کے ابتدائی ردعمل میں کہا گیا ہے کہ شیخ حسینہ کی جانب سے نئے سفری دستاویزات کے اجرا کی درخواست ان کی وطن واپسی کے کسی حقیقی ارادے کی عکاسی نہیں کرتی۔ بنگلہ دیشی حکومت کے چیف پراسیکیوٹر محمد امین الاسلام نے اسے محض ایک سیاسی حربہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سابق وزیراعظم واقعی وطن واپس آنا چاہتی ہیں تو انہیں اس مقصد کے لیے درکار قانونی اقدامات کرنے چاہییں، لیکن وہ ایسا نہیں کر رہیں۔

 

بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے بھی شیخ حسینہ کو پاسپورٹ یا سفری دستاویز جاری کرنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے انہیں مفرور دہشت گرد اور ڈکٹیٹر قرار دیا ہے۔ وزارت خارجہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سابق وزیراعظم کی درخواست کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ بنگلہ دیش دہشت گردوں کو پاسپورٹ جاری نہیں کرتا۔ ان کے مطابق ڈھاکہ حکومت بھارت سے مسلسل مطالبہ کر رہی ہے کہ وہ مجرموں کی حوالگی کے دوطرفہ معاہدے کے تحت شیخ حسینہ کو بنگلہ دیش کے حوالے کرے۔

 

ہمایوں کبیر نے کہا کہ شیخ حسینہ کو اگر وطن واپس آنا ہے تو انہیں دونوں ملکوں کے درمیان موجود مجرموں کی حوالگی کے معاہدے کے تحت واپس آنا چاہیے، عدالت میں پیش ہو کر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے اور سنائی گئی سزا بھگتنی چاہیے۔ انہوں نے لندن کی اس قانونی فرم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو شیخ حسینہ کی نمائندگی کر رہی ہے، جبکہ ان کا الزام تھا کہ سابق وزیراعظم کے دور حکومت میں پُرتشدد کریک ڈاؤن کے دوران 1500 سے زیادہ افراد مارے گئے۔ دوسری جانب شیخ حسینہ اور ان کی جماعت عوامی لیگ ان الزامات کو مسترد کرتی ہیں۔

 

بنگلہ دیش میں پابندیوں کا سامنا کرنے والی عوامی لیگ نے حکومت کے اس رویے کو شیخ حسینہ سے خوفزدہ ہونے کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان محمد علی عارفات کے مطابق ماضی میں حکومت کا مؤقف تھا کہ اگر سابق وزیراعظم وطن واپس آنا چاہیں تو ان کا خیرمقدم کیا جائے گا، لیکن اب انہیں پاسپورٹ یا کسی بھی قسم کی سفری دستاویز جاری کرنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی جا رہی۔ واضح رہے کہ اگست 2024 میں طلبہ کی ملک گیر تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے محروم ہونے کے بعد شیخ حسینہ ڈھاکہ سے فرار ہو کر نئی دہلی پہنچ گئی تھیں اور گزشتہ دو برس سے زیادہ عرصے سے بھارت میں نامعلوم مقام پر مقیم ہیں۔

 

2025 میں بنگلہ دیش کی جنگی جرائم کی عدالت نے احتجاجی طلبہ کے خلاف پُرتشدد کریک ڈاؤن سے متعلق مقدمے میں انہیں انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی تھی، جسے انہوں نے سیاسی بنیادوں پر دیا گیا متعصبانہ فیصلہ قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔

 

شیخ حسینہ نے چند ماہ قبل نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ دسمبر 2026 میں ڈھاکہ واپس جائیں گی اور وطن پہنچ کر خود کو عدالت کے حوالے کر دیں گی، تاہم انہوں نے اب تک واپسی کی کوئی حتمی تاریخ نہیں دی۔ بھارت میں ان کی موجودگی اور بھارتی حکومت کے ساتھ قربت پہلے ہی دونوں پڑوسی ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ بھارت کی معروف تجزیہ کار نروپما سبرامنیم کے مطابق بنگلہ دیشی حکومت نہیں چاہتی کہ شیخ حسینہ ایک عام مسافر کی طرح پاسپورٹ پر سفر کرکے ڈھاکہ پہنچ جائیں، کیونکہ ڈھاکہ انہیں ایک مجرم سمجھتا ہے جسے عدالت سزا بھی سنا چکی ہے۔ ان کے بقول سابق وزیراعظم کی پاسپورٹ درخواست بنیادی طور پر ایک سیاسی اشارہ ہے اور اس معاملے پر بنگلہ دیشی حکومت، شیخ حسینہ اور بھارت کے مفادات ایک دوسرے سے متصادم ہیں۔

 

نروپما سبرامنیم کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ اس انداز میں وطن واپس نہیں آنا چاہتیں جس کا تقاضا بنگلہ دیشی حکومت کر رہی ہے، بلکہ وہ سیاسی طریقے سے واپسی کی خواہش مند ہیں، جیسا کہ ماضی میں بے نظیر بھٹو اور نواز شریف نے خودساختہ جلاوطنی ختم کرکے پاکستان واپسی کا راستہ اختیار کیا تھا۔ دوسری جانب مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر ڈھاکہ حکومت حوالگی کے معاہدے کے تحت شیخ حسینہ کو بھارت سے واپس لانے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو اسے اپنی بڑی سیاسی اور سفارتی کامیابی کے طور پر پیش کر سکتی ہے، لیکن اگر وہ اپنی مرضی سے سیاسی انداز میں واپس آتی ہیں تو اس سے بالکل مختلف پیغام جائے گا، جسے موجودہ بنگلہ دیشی حکومت قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق شیخ حسینہ کی جانب سے پاسپورٹ کی درخواست دینے سے بھارت کو بھی ایک سفارتی راستہ مل گیا ہے کہ وہ یہ مؤقف اختیار کر سکے کہ سابق وزیراعظم نے وطن واپسی کے لیے ضروری دستاویزات کی درخواست دے دی ہے اور اب فیصلہ ڈھاکہ حکومت کے ہاتھ میں ہے۔ تاہم ان کے خیال میں بنگلہ دیشی حکام کی جانب سے پاسپورٹ جاری کیے جانے کا امکان کم ہے اور موجودہ تعطل برقرار رہ سکتا ہے۔ ڈھاکہ کے سیاسی حلقوں میں یہ تاثر بھی پایا جاتا ہے کہ شیخ حسینہ کی جانب سے واپسی کے اعلان اور پاسپورٹ کی درخواست کا مقصد عوامی لیگ کے مایوس کارکنوں اور روپوش رہنماؤں میں نیا جوش پیدا کرنا ہے، کیونکہ طلبہ تحریک کے بعد پارٹی کی بیشتر قیادت روپوش ہو چکی ہے یا بیرون ملک منتقل ہو گئی ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق شیخ حسینہ کے لیے بھی وطن واپسی کا معاملہ وقت گزرنے کے ساتھ زیادہ پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے، جبکہ ان کی طویل غیر موجودگی سے عوامی لیگ کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی حکومت بھی سابق وزیراعظم کی واپسی کے معاملے کو محض سفری دستاویزات کے اجرا تک محدود نہیں رکھنا چاہتی بلکہ اسے قانونی حوالگی اور عدالتی کارروائی کے تناظر میں دیکھ رہی ہے۔

Back to top button