سہیل آفریدی کا فرنٹ مین ہادی عرف پتنگ کرپشن میں مطلوب

سہیل آفریدی کے برے دن شروع ہونے والے ہیں کیونکہ ان کی حکومت کے خاتمے کے بعد تحقیقاتی اداروں کو ان کے فرنٹ میں عبدالہادی عرف ہادی پتنگ کی تلاش ہے، جس پر چار ارب روپے سے زائد کی کرپشن، سرکاری ترقیاتی ٹھیکوں میں کمیشن وصولی اور مالی بدعنوانی کے الزامات ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ہادی پتنگ آفریدی حکومت کے خاتمے کے بعد جعلی دستاویزات کے ذریعے دبئی فرار ہو چکا ہے اور اب اسے پاکستان واپس لانے کے لیے انٹرپول سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔
ہادی پتنگ کا سہیل آفریدی سے قریبی رشتہ داری کا تعلق بتایا جا ہے۔ الزامات کے مطابق اس کے کزن سہیل آفریدی جب تحریک انصاف کے دور حکومت میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے معاون خصوصی بنے تو ہادی پتنگ کی مالی حیثیت اور سرکاری معاملات میں مداخلت بڑھنے لگی۔ چند سال پہلے پشاور میں پرانی گاڑیوں کی خرید و فروخت کرنے والا یہ شخص مختصر عرصے میں غیر معمولی دولت کا مالک بن گیا۔ الزامات کے مطابق ہادی پتنگ نے محکمہ مواصلات و تعمیرات میں اپنا اثرورسوخ قائم کیا اور پشاور کے ایک پوش علاقے میں کرائے کے بڑے بنگلے کو سرکاری ٹھیکوں، تبادلوں اور کمیشن کی ڈیلز کے لیے استعمال کیا جاتا رہا۔ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ صوبے کے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں میں تقریباً 10 فیصد کمیشن وصول کرنے کا ایک منظم نظام قائم تھا، جس کے ذریعے ٹھیکوں کے حصول اور دیگر سرکاری معاملات میں مالی فوائد حاصل کیے جاتے تھے۔
سہیل آفریدی کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد اس نیٹ ورک کا دائرہ مزید وسیع ہوگیا اور صوبائی ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے بڑے منصوبے بھی اس کی زد میں آگئے۔ ان منصوبوں کے مالی معاملات کی نگرانی کرنے والے فنانس منیجر محمد طلحہ کو بھی اس نیٹ ورک کا اہم کردار قرار دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد طلحہ بیک وقت چار مختلف منصوبوں کے مالی امور دیکھ رہے تھے، جس پر ایشیائی ترقیاتی بینک نے اعتراض اٹھاتے ہوئے ہر منصوبے کے لیے مستقل فنانس منیجر تعینات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اسی سلسلے میں 24 اگست 2026 کو پشاور میں ایک بڑی تعمیراتی کمپنی کے دفتر پر قانون نافذ کرنے والے اداروں میں چھاپا بھی مارا تھا۔ اد کارروائی کے وقت بین الاقوامی منصوبوں سے وابستہ بعض عہدیدار بھی وہاں موجود تھے اور چھاپے کے دوران فنانس منیجر طلحہ کا لیپ ٹاپ قبضے میں لیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس لیپ ٹاپ سے مالی لین دین اور کمیشن کی وصولی سے متعلق معلومات حاصل ہوئی ہیں، جس کے بعد طلحہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
اس معاملے کو سیاسی اور انتظامی سطح پر تب مزید اہمیت حاصل ہوئی جب خیبر پختونخوا کے گورنر کے مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے پریس کانفرنس میں ہادی پتنگ پر چار ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے الزامات عائد کیے۔ ان کے مطابق بلدیات، اعلیٰ تعلیم اور محکمہ مواصلات و تعمیرات سمیت مختلف محکموں میں مبینہ مالی بے ضابطگیاں ہوئیں اور سرکاری ریکارڈ میں بھی خوردبرد کی گئی۔ ثمر ہارون بلور نے دعویٰ کیا کہ ہادی پتنگ سمیت سہیل آفریدی کی سابق ٹیم کے بعض دیگر افراد کی بیرون ملک سے واپسی کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا گیا ہے۔
اس معاملے کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ اگر ترقیاتی منصوبوں میں واقعی کمیشن وصولی کا کوئی منظم نظام قائم تھا تو اس کی ذمہ داری صرف ایک فرنٹ مین تک محدود نہیں رہ سکتی۔ آگے چل کر تحقیقات میں یہ معلوم کرنا ہو گا کہ اربوں روپے کے ٹھیکوں کی منظوری کس نے دی، ادائیگیوں کا اختیار کن افسران کے پاس تھا، منصوبوں کی مالی نگرانی کس طرح کی گئی اور کمیشن سے حاصل ہونے والی رقم آخر کن افراد تک پہنچی۔
ہادی پتنگ کا موازنہ پنجاب میں سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دور کی فرنٹ پرسن فرح گوگی سے بھی کیا جا رہا ہے۔ دونوں معاملات میں فرنٹ مین کے ذریعے حکومتی معاملات اور مالی فوائد حاصل کرنے کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں، تاہم اب اصل امتحان یہ ہوگا کہ حکومت اور تحقیقاتی ادارے ہادی پتنگ کو دبئی سے واپس لانے اور اس کے مالی معاملات کی مکمل تحقیقات میں کس حد تک کامیاب ہوتے ہیں۔
