کیا مریم کی تھپڑ کے بدلے لائیو تھپڑ کی پالیسی جائز ہے؟

 

 

 

 

کیا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی یہ پالیسی جائز ہے کہ کسی ملزم کو پولیس حراست میں متاثرہ شخص کے سامنے پیش کرکے اسے تھپڑ مارنے اور پھر اس کی ویڈیو پبلک کرنا کی اجازت دی جائے؟

 

فیصل آباد میں دکان کی سیلز گرل پر تشدد کرنے والے مالک کو گرفتار کرنے کے بعد مریم نواز کی جانب سے متاثرہ خاتون کو پولیس کی موجودگی میں ملزم کے منہ پر تھپڑ مارنے کی ویڈیو جاری ہونے سے ایک بار پھر انکے ’’تھپڑ کے بدلے تھپڑ‘‘ کی پالیسی پر قانونی اور اخلاقی بحث چھیڑ دی ہے۔ جہاں بعض حلقے اسے طاقت ور افراد کے خلاف کمزور طبقے کی حوصلہ افزائی قرار دے رہے ہیں، وہیں قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملزم کو سزا دینے کا اختیار عدالتوں کا ہے، کسی فرد یا حکومت کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

 

فیصل آباد پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک شخص کو خواتین کے زیرِ جامہ فروخت کرنے والی دکان میں کام کرنے والی سیلز گرل پر تشدد کرتے دیکھا گیا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ دکان کا مالک محمد رمضان کرایہ وصول کرنے آیا تھا، جہاں سیلز گرل نے اسے بتایا کہ وہ اس دکان کی ملازمہ ہے اور کرایے کے معاملے پر کاروباری مالک سے رابطہ کیا جائے۔ الزام ہے کہ اس بات پر دکان مالک مشتعل ہوگیا اور اس نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد نہ متاثرہ خاتون اور نہ ہی ملزم کی جانب سے کوئی درخواست موصول ہوئی تھی اور نہ ہی پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی گئی تھی۔

 

تاہم واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سینٹرل پولیس آفیسر کے نوٹس پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا اور قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے 9 نومبر کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں پولیس اہلکار ملزم کو ہتھکڑی لگا کر ایک کمرے میں لے کر آتا ہے، جہاں موجود متاثرہ خاتون اسے تھپڑ مارنا شروع کر دیتی ہیں۔ مریم نواز نے اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی غریب یا کمزور شخص پر ہاتھ اٹھائے گا تو اسے جواب کے لیے بھی تیار رہنا ہوگا۔

 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئی شخص خواہ کتنا ہی امیر، بااثر یا طاقت ور کیوں نہ ہو، اب کسی عام شہری کو دھمکا یا نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔ ان کے بقول وہ کمزور اور مظلوم افراد کے ساتھ کھڑی ہیں اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب امیر کو غریب اور طاقت ور کو کمزور پر ظلم کرنے کی کھلی چھوٹ نہیں ملے گی اور حکومت ایسے عناصر کو جواب دہ بنائے گی۔

 

تاہم اس ویڈیو پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ معروف صحافی بلال غوری نے مریم نواز کی نیت پر شبہ کیے بغیر ان کے طریقۂ کار کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت ایسے واقعات کی روک تھام چاہتی ہے تو اس کے لیے قانون سازی اور عدالتی نظام کو مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق پولیس حراست میں موجود ملزم کو مدعی کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا قانون کی حکمرانی نہیں بلکہ لاقانونیت کی مثال ہے۔ دیگر ناقدین نے بھی سوال اٹھایا کہ اگر ہر شخص کو خود بدلہ لینے کی اجازت دے دی جائے تو پھر ریاستی اداروں اور عدالتوں کی کیا ضرورت باقی رہ جائے گی؟

 

سوشل میڈیا صارفین کے ایک دوسرے حلقے نے اس اقدام کو متاثرہ خاتون کی عزتِ نفس کی بحالی اور طاقت ور افراد کے خلاف علامتی ردعمل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس شخص نے ایک کمزور خاتون پر ہاتھ اٹھایا، اسے اسی خاتون کے سامنے جواب دہ بنانا معاشرے میں ایسے رویوں کی حوصلہ شکنی کر سکتا ہے۔ تاہم ناقدین کا مؤقف ہے کہ پولیس کی نگرانی میں کسی ملزم کی تذلیل یا اسے جسمانی سزا دینے کا جواز پیدا نہیں کیا جا سکتا اور اس طرح کے اقدامات مستقبل میں خطرناک مثال بن سکتے ہیں۔

 

یہ پہلا موقع نہیں کہ مریم نواز نے ’’تھپڑ کے بدلے تھپڑ‘‘ کی پالیسی کی حمایت کی ہو۔ اس سے قبل 23 اکتوبر کو انہوں نے لاہور کے ایک پیٹرول پمپ پر ملازم کو تشدد کا نشانہ بنانے والے شخص کی گرفتاری کے بعد ایسی ہی ویڈیو جاری کی تھی جس میں متاثرہ ملازم پولیس کی موجودگی میں ملزم کو تھپڑ مارتا دکھائی دیا۔ بعدازاں لاہور میں سکوٹر پر سوار ایک لڑکی کو مبینہ طور پر راستہ نہ دینے پر سرعام تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے کے بعد مریم نواز نے منڈی بہاؤالدین میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے متاثرہ لڑکی سے کہا تھا کہ ملزم نے جتنے تھپڑ اس کے منہ پر مارے ہیں، وہ بھی اسے اتنے ہی تھپڑ مارے۔

 

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اس وقت وزیراعلیٰ کے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز نے ایک ماں اور بہن کے طور پر سوچا اور یہ انسانی جذبات ہیں جو بعض اوقات انسان کو مظلوم کا ساتھ دینے پر مجبور کرتے ہیں۔ تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ طریقہ قانونی بھی ہے تو انہوں نے اس بحث میں جانے سے گریز کیا۔ انسانی حقوق کے کارکن اسد اقبال بٹ نے بھی ایسے اقدامات پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ جرائم کا خاتمہ اسی وقت ممکن ہے جب پولیسنگ اور تفتیشی نظام بہتر بنایا جائے اور عدالتیں ملزمان کو سزائیں سنائیں۔ قانونی ماہر عابد ساقی ایڈووکیٹ کے مطابق قانون زیرِ حراست ملزم پر تشدد کی اجازت نہیں دیتا اور سزا دینے کا اختیار پولیس یا کسی فرد کے بجائے عدالتوں کے پاس ہے۔ ان کے بقول اگر آئین نے انصاف کی فراہمی کی ذمہ داری عدالتوں کو سونپی ہے تو انہیں اپنا کام کرنے دینا چاہیے، کیونکہ حکومت کی جانب سے ماورائے عدالت سزا کی حوصلہ افزائی قانون کی حکمرانی کے بنیادی اصولوں سے متصادم ہے۔

Back to top button