تھپڑ کا دفاع: کیا مریم کے ناقدین واقعی جعلی دانشور ہیں؟

فیصل آباد میں ایک سیلز گرل پر تشدد کرنے والے دکان دار کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو ٹوئیٹ کرنے پر تنقید کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے تمام ناقدین کو ’جعلی دانشور‘ قرار دے دیا ہے اور سوال اٹھایا ہے کہ اگر کسی کی ماں، بہن یا بیٹی کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آئے تو اس کا ردعمل کیا ہوگا؟ مریم نواز کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مظلوم کے ساتھ کھڑی ہوئی ہیں اور اگر کوئی طاقتور شخص کسی غریب یا کمزور پر ہاتھ اٹھائے گا تو اسے جواب کے لیے بھی تیار رہنا ہوگا۔
مریم نواز نے یہ مؤقف جہلم میں ایک تقریر کے دوران اختیار کیا جہاں انہوں نے فیصل آباد میں ایک دکان کی سیلز گرل پر تشدد کرنے والے مالک کو پولیس کی موجودگی میں متاثرہ خاتون سے تھپڑ مروانے کے اپنے فیصلے کا دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مالدار دکان مالک کو تھانے بلوایا اور متاثرہ لڑکی سے کہا کہ اس شخص کے منہ پر دو تین زناٹے دار تھپڑ مارے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مطابق اس اقدام پر بعض حلقوں اور نام نہاد دانشوروں کو بڑی تکلیف ہوئی ہے، تاہم انہیں یہ سوچنا چاہیے کہ اگر یہی سلوک ان کے اپنے گھر کی کسی خاتون کے ساتھ ہوتا تو ان کے کیا تاثرات ہوتے۔ مریم نواز نے اپنے اس اقدام کو کمزور اور مظلوم طبقے کے ساتھ ریاست کی کھڑے ہونے کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب کسی امیر یا بااثر شخص کو اپنی دولت اور طاقت کے بل پر عام شہریوں کو دھمکانے یا نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ معاملہ تب سامنے آیا جب فیصل آباد میں خواتین کے زیرجامہ فروخت کرنے والی ایک دکان کی سیلز گرل پر دکان کے مالک کی جانب سے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ فیصل آباد پولیس کے مطابق دکان کا مالک محمد رمضان کرایہ وصول کرنے آیا تھا، تاہم سیلز گرل نے اسے بتایا کہ یہ خواتین کے زیرجامہ کی دکان ہے اور کرائے کے معاملے پر کاروباری مالک سے رابطہ کیا جائے۔ الزام ہے کہ اس بات پر دکان مالک مشتعل ہوگیا اور اس نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا اور قانونی کارروائی شروع کردی۔ بعد ازاں مریم نواز نے پولیس کی نگرانی میں ملزم کو متاثرہ خاتون کے سامنے لانے اور اسے تھپڑ مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہوئے لکھا کہ اگر کوئی غریب یا کمزور پر ہاتھ اٹھاتا ہے تو اسے جواب کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے اس اقدام کو طاقتور افراد کے لیے پیغام قرار دیا کہ اب کسی کو قانون سے بالاتر ہونے کی اجازت نہیں ملے گی۔
تاہم وزیراعلیٰ کے اس اقدام پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ بعض صارفین نے اسے مظلوم خاتون کے ساتھ اظہار یکجہتی اور طاقتور طبقے کی تذلیل کے ذریعے ایسے واقعات کی روک تھام کی علامتی کوشش قرار دیا ہے، جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ کسی زیرحراست ملزم کو متاثرہ فریق کے سامنے لاکر اسے تھپڑ مارنے کی اجازت دینا قانون کی حکمرانی کے اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔ صحافی بلال غوری نے بھی مریم نواز کی نیت پر شبہ کیے بغیر ان کے طریقۂ کار پر اعتراض کیا اور کہا کہ پولیس حراست میں ملزم کو مدعی کے رحم و کرم پر چھوڑنا قانون کی حکمرانی کے بجائے لاقانونیت کی مثال ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ مریم نواز نے تھپڑ کے بدلے تھپڑ کی پالیسی کا دفاع کیا ہو۔ اس سے قبل 23 اکتوبر کو انہوں نے لاہور کے ایک پیٹرول پمپ پر ملازم کو تشدد کا نشانہ بنانے والے شخص کی ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں متاثرہ ملازم پولیس کی موجودگی میں ملزم کو تھپڑ مارتا دکھائی دیتا ہے۔ مریم نواز نے اس ویڈیو کو دولت اور طاقت کے بل پر خود کو قانون سے بالاتر سمجھنے والوں کے لیے طمانچہ قرار دیا تھا۔ بعدازاں لاہور میں سکوٹر پر سوار ایک لڑکی کو سرعام تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے کے بعد بھی انہوں نے اسی نوعیت کا مؤقف اختیار کیا اور متاثرہ لڑکی کو ملزم کے منہ پر تھپڑ مارنے کی اجازت دینے کا دفاع کیا تھا۔
تاہم دوسری طرف معروف وکیل رہنما عابد ساقی ایڈووکیٹ کے مطابق قانون زیرحراست ملزم پر تشدد یا اسے سزا دینے کی اجازت نہیں دیتا اور سزا دینے کا اختیار عدالتوں کے پاس ہے، پولیس یا کسی دوسرے فرد کے پاس نہیں۔ ان کے بقول اگر ریاستی عہدیدار خود ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی کریں تو اس سے قانونی نظام اور عدالتی اختیار کے حوالے سے بنیادی سوالات پیدا ہوتے ہیں۔
