مسکراہٹیں بکھیرنے والی امریکی سفیر نیٹلی بیکر کون ہیں؟

سفارت کاری ہو، ثقافتی تہوار ہوں یا کرکٹ کا میدان، امریکی سفارت کار نیٹلی بیکر اپنی خوش مزاجی اور مسکراہٹ کے باعث پاکستان میں پہلے ہی ایک مانوس چہرہ ہیں، تاہم اب امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے انہیں پاکستان میں امریکی سفیر نامزد کیے جانے کے بعد انکی شخصیت اور سفارتی کردار مذید توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ نیٹلی بیکر نہ صرف پاکستان میں ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے امریکی سفارتی مشن کی سربراہی کر رہی ہیں بلکہ انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے باہمی تعلقات بہتر بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ نیٹلی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں بھی امریکہ کے ایما پر بطور رابطہ کار مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ اسکے علاوہ وہ امریکہ ایران تنازع کے دوران پاکستانی کے ثالث بننے کے بعد ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی رابطوں میں بھی اہم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 9 نومبر کو نیٹلی اے بیکر کو پاکستان میں امریکہ کی نئی سفیر نامزد کرتے ہوئے ان کا نام وائٹ ہاؤس سینیٹ کی منظوری کے لیے بھجوا دیا ہے۔ اگر سینیٹ نے ان کی نامزدگی کی توثیق کر دی تو وہ جنوری 2025ء میں ڈونلڈ بلوم کی روانگی کے بعد خالی ہونے والے اس عہدے پر باضابطہ طور پر فائز ہو جائیں گی۔ اس وقت وہ اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔

پاکستان میں نیٹلی بیکر کی مقبولیت کا ایک نمایاں سبب ان کا سفارتی سرگرمیوں کو روایتی سرکاری ملاقاتوں تک محدود نہ رکھنا بھی ہے۔ وہ پاکستانی تہواروں، ثقافتی تقریبات، کھیلوں کے مقابلوں اور عوامی اجتماعات میں شرکت کرتی رہی ہیں۔ امریکی سفارت خانے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان کی ایسی تصاویر اور ویڈیوز بھی سامنے آتی رہتی ہیں جن میں وہ پاکستانی لباس، روایتی کھانوں، مقامی ثقافت اور کھیلوں سے لطف اندوز ہوتی دکھائی دیتی ہیں۔

نیٹلی بیکر نے پاکستان میں قیام کے دوران یہاں کی مہمان نوازی، کھانوں، شادی بیاہ کی روایات اور کرکٹ کے ماحول میں خصوصی دلچسپی لی ہے۔ جون 2026 میں امریکی سفارت خانے کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری ہونے والے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں لوگ مہمانوں کو اپنے خاندان کا حصہ بنا لیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ فارغ وقت میں پاکستان کے مختلف علاقوں کی سیر کرتی اور نئے مقامات اور ثقافتی تجربات سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔ کرکٹ میں بھی ان کی دلچسپی پیدا ہوئی ہے، اگرچہ وہ ابھی اس کھیل کے قواعد و ضوابط سیکھ رہی ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی 2025ء میں ہونے والی فوجی کشیدگی اور جنگ بندی کے معاملے میں بھی نیٹلی بیکر امریکی سفارتی مشن کی سربراہ کی حیثیت سے اہم رابطوں میں شریک رہیں۔ اس جنگ بندی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ثالثی کا دعویٰ کیا تھا جبکہ پاکستانی حکومت نے بھی امریکی صدر اور امریکی سفارتی مشن کے کردار کو سراہا تھا۔ 16 مئی 2025ء کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں نیٹلی بیکر نے جنگ بندی کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ تاہم اس پورے عمل میں ان کا کردار امریکی سفارتی رابطوں اور مذاکراتی کوششوں کا حصہ تھا، جبکہ ثالثی کا مرکزی کریڈٹ ٹرمپ انتظامیہ نے اپنے سربراہ کو دیا تھا۔

اسکے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان 2026ء میں جنگ چھڑنے کے بعد پاکستان کی جانب سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی ختم کرانے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی کوششوں میں بھی نیٹلی بیکر اہم سفارتی رابطہ کار کے طور پر سامنے آئیں۔ ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی نیٹلی بیکر ایک تجربہ کار امریکی کیریئر سفارت کار ہیں جنہوں نے پرنسٹن یونیورسٹی سے گریجویشن اور ہارورڈ یونیورسٹی کے کینیڈی سکول آف گورنمنٹ سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کیا۔ وہ 2017ء میں امریکی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل وار کالج سے امتیازی حیثیت میں فارغ التحصیل ہوئیں۔ انہیں عربی، ہسپانوی، فارسی اور روسی زبانوں پر بھی عبور حاصل ہے۔

پاکستان آنے سے قبل وہ اگست 2021ء سے جولائی 2024ء تک قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی سفارت خانے کی نائب چیف آف مشن رہیں۔ اس کے علاوہ لیبیا میں امریکی مشن کی نائب سربراہ اور ناظم الامور، دبئی میں ایران ریجنل پریزنس آفس کی نائب ڈائریکٹر اور کویت میں امریکی سفارت خانے کی اقتصادی امور کی کونسلر بھی رہ چکی ہیں۔ لیبیا میں 2009ء سے 2011ء تک ان کی تعیناتی ایک ایسے دور میں رہی جب دونوں ملکوں کے تعلقات تقریباً تین دہائیوں کی کشیدگی کے بعد معمول پر آ رہے تھے، تاہم 2011ء کے انقلاب کے باعث امریکی سفارت خانے کو وہاں سے اپنا عملہ نکالنا پڑا تھا۔

Back to top button