سورینج: کوئلہ کان میں دھماکہ، 32 کان کن جاں بحق

کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے بعد پھنسنے والے 42 مزدوروں میں سے 32 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد متعدد کان کن کان کے اندر پھنس گئے تھے۔ ابتدائی مرحلے میں 18 مزدوروں کی لاشیں نکالی گئیں، جبکہ بعد ازاں مزید 14 لاشیں نکال لی گئیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 32 ہو گئی ہے۔
چیف مائنز انسپکٹر عبدالغنی نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔ ان کے مطابق کان بیٹھ جانے کے باعث وہاں کام کرنے والے مزدور اندر پھنس گئے تھے، جبکہ دھماکے کے بعد کان کا بڑا حصہ منہدم ہو گیا۔
صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز شعیب نوشیروانی نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں انتہائی مشکل حالات کے باوجود امدادی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھے ہوئے ہیں اور کان میں پھنسے دیگر مزدوروں تک پہنچنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جاں بحق کان کنوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ان کے مطابق ہر جاں بحق مزدور کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 3 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائیں گی۔
اس سے قبل کان کے مالک نے میڈیا کو بتایا تھا کہ دھماکا میتھین گیس بھر جانے کے باعث ہوا۔ ان کے مطابق حادثے کے وقت کان میں 42 مزدور موجود تھے اور تمام کان کنوں کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ سے ہے۔
