ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کو مسلسل چوتھی شکست، آسٹریلیا نے 113 رنز سے ہرا دیا

آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان ویمنز ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا اور قومی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں مسلسل چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو 113 رنز سے شکست دے دی۔
لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ آسٹریلوی بیٹرز نے پاکستانی باؤلرز کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے بڑا مجموعی سکور بورڈ پر سجایا اور پاکستان کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا۔
200 رنز کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 13.4 اوورز میں صرف 86 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ قومی بیٹرز آسٹریلوی باولنگ اٹیک کے سامنے بے بس دکھائی دیں اور کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکی، جس کے نتیجے میں پاکستان کو 113 رنز کے بھاری مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
خیال رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز میں پاکستان کی یہ مسلسل چوتھی شکست ہے۔ اس سے قبل قومی ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں 64 رنز، جنوبی افریقہ کے خلاف 2 وکٹوں اور بنگلا دیش کے خلاف 23 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ مسلسل ناکامیوں کے باعث پاکستان ویمنز ٹیم کا ورلڈ کپ میں سفر پہلے ہی اختتام پذیر ہو چکا ہے۔
قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، جبکہ 33 سالہ سینئر بیٹر عالیہ ریاض بھی تنقید کی زد میں ہیں۔ وہ بنگلا دیش کے خلاف صفر پر آؤٹ ہوئی تھیں اور ابتدائی تین میچوں میں مجموعی طور پر صرف 28 رنز بنا سکیں، جبکہ انھوں نے فیلڈنگ کے دوران بھی اہم کیچز ڈراپ کیے۔میچ کے بعد قومی ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض نے شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے خراب کھیل پیش کیا اور درحقیقت ٹیم نے خود کو شکست دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو اپنی غلطیوں سے سیکھ کر مستقبل میں بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔
واضح رہے کہ مسلسل چار شکستوں کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم کی ورلڈ کپ مہم بغیر کسی کامیابی کے اختتام کے قریب پہنچ گئی ہے، جبکہ ٹیم کی کارکردگی، انتخاب اور حکمت عملی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
