ایرانی صدرپاکستان کادورہ مکمل کرکے واپس روانہ

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان پاکستان کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے واپس روانہ ہوگئے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایرانی صدر کو رخصت کیا، جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر حکام بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو دورہ پاکستان کا تصویری البم بھی پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دورے کے دوران صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمارا ہمسایہ ہی نہیں، ہمارا بھائی اور دوست ملک ہے، دونوں ملکوں کے عوام کی منزل ایک ہی ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہاکہ ایران اور پاکستان کے درمیان قریبی تعلقات منفرد نوعیت کے حامل ہیں۔ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط پاکستان پر اعتماد کی بدولت ممکن ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ مستقبل میں ایران اور پاکستان کے تعلقات مضبوط ہوں گے، ایرانی عوام اور حکومت پاکستانی حکومت اور عوام کے حمایت پر شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے اہم کردار کے متعرف ہیں، مذاکراتی عمل میں پاکستان نے بہترین کردار ادا کیا۔
ایرانی صدر نے کہاکہ دورہ پاکستان کے لیے دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکر گزار ہوں، پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے تعمیری ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہاکہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان پائیدار امن معاہدے تک اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
