زیارت : پولیس چوکی پر حملہ، 9 اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 15 دہشت گرد جہنم واصل

 

 

 

بلوچستان کے ضلع زیارت میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو ایس ایچ او سمیت  9 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں فتنہ الہندوستان کے 15 دہشت گرد جہنم رسید کردیے۔

ایس پی زیارت نے بتایا کہ بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے کچ مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کیا،دہشت گردوں کے حملے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، شہداء میں دو ایس ایچ او بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہداء میں ایس ایچ او مانگی محمد حسین اور ایس ایچ او کواس صحبت خان شامل ہیں، گزشتہ رات سے دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔

ایس پی زیارت نے بتایا کہ شہید اہلکاروں کی لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال زیارت منتقل کر دی گئیں، واقعہ کے بعد علاقے میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے۔

معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات شاہد رند کا کہنا ہےکہ ضلع زیارت کے علاقے منگی میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کا مشترکہ کلیئرنس آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے، 15 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو بلوچستان کے امن سے کھیلنے کی بھاری قیمت چکانا پڑی،ریاست پوری قوت سے دہشت گردوں کو جواب دے رہی ہے،دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملادیے۔

شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کےلیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں،ہر حملے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا،دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رہیں گی۔

 

 

Back to top button