کوئٹہ: کچلاک میں دہشتگردوں کی فائرنگ،ایف سی اہلکار شہید

کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک ایف سی اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ نیو کچلاک تھانے کی حدود میں رات 10 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا ۔ ایف سی کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد بھی زخمی ہوا تاہم حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے ۔ حملے کے بعد ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے دو پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پیر کی شب نماز تراویح کی ڈیوٹی پر مامور کانسٹیبل قاسم اور کانسٹیبل ایاز دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے۔ دونوں اہلکار موٹر سائیکل پر تراویح ڈیوٹی کے لیے جا رہے تھے۔
