مسجد اقصیٰ میں انتہا پسند اسرائیلیوں کی دراندازی قابل مذمت ہے،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں انتہا پسند اسرائیلیوں کی دراندازی قابل مذمت ہے۔ بیت المقدس کے کسی حصے پر اسرائیل کی خود مختاری کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

اسحاق ڈار نےغزہ میں بگڑتی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کے تحفظ اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی اقدامات عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔

عمان میں فلسطین سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران مسلسل سنگین ہوتا جا رہا ہے اور وہاں کے لاکھوں شہری پانی، خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کا فوری تدارک ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ مشرقی بیت المقدس پر اسرائیل کی کوئی خودمختاری تسلیم نہیں کی جا سکتی اور وہاں کیے جانے والے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے منافی ہیں۔

نائب وزیراعظم نے مسجد اقصیٰ میں انتہا پسند اسرائیلی عناصر کی دراندازی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقدس مقامات کے تقدس کی پامالی ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی برادری ایسے اقدامات کا نوٹس لے اور انہیں روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

Back to top button