معرکۂ حق میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی : عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معرکۂ حق کی کامیابی میں وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت نے بنیادی کردار ادا کیا، جب کہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک بحریہ کی بھرپور تیاری بھی قابلِ ستائش رہی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔
معرکہ حق کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اس تقریب میں شرکت ان کےلیے باعث اعزاز ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ برس معرکہ حق کے دوران قومی اسمبلی میں انہوں نے واضح کیا تھاکہ پوری قوم سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر دشمن کے مقابل متحد ہے، کیوں کہ کامیابی ہمیشہ اتحاد و اتفاق سے ہی حاصل ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بیانیہ،سفارتی اور عسکری محاذ پر منفرد کامیابی عطا کی، جب کہ بھارت کے بڑے بڑے دعوے چند گھنٹوں میں ہی بےبنیاد ثابت ہوگئے اور اس کا غرور خاک میں مل گیا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاک فضائیہ اور ایئر ڈیفنس سسٹم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور عالمی سطح پر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جب کہ دشمن کو چند گھنٹوں میں ہی پسپائی اختیار کرنا پڑی اور سیز فائر کےلیے خود رابطہ کرنا پڑا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ اس کامیابی میں وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت نے کلیدی کردار ادا کیا، جب کہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک بحریہ کی تیاری بھی قابل تحسین رہی۔
دنیا بھر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملٹری ڈپلومیسی کے چرچے
انہوں نے کہاکہ معرکہ حق کے دوران بیانیہ کی جنگ میں پاکستانی میڈیا،صحافیوں،سوشل میڈیا صارفین اور نوجوانوں نے بھرپور کردار ادا کیا اور دنیا نے پاکستان کے ذمہ دار اور بالغ نظر میڈیا کو سراہا، بھارت کی جانب سے بے بنیاد دعوے کیے گئے،تاہم حقیقت سامنے آنے پر وہ عالمی سطح پر بےنقاب ہوا، جب کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی لیکن کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں افواج پاکستان ہروقت مکمل طور پر تیار اور مستعد رہیں۔
