مشکوک مقابلے میں مرنے والے طیفی بٹ کی نماز جنازہ ادا

مشکوک پولیس مقابلے میں جاں بحق امیربالاج ٹیپوکےقتل کیس میں نامزدملزم طیفی بٹ کی نمازجنازہ اداکردی گئی۔

پولیس کے مطابق طیفی بٹ کی لاش کا پوسٹ مارٹم رحیم یار خان کے ہسپتال سے مکمل کروایا گیا،پوسٹ مارٹم کے بعد طیفی بٹ کی لاش ورثا کے حوالے کیاگیاتھا۔لاش کو ورثا لاہور گلبرگ نصیر آباد لے آئے تھے۔

طیفی بٹ جمعہ اور ہفتہ کی شب پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا تھا،خواجہ تعریف گلشن المعروف طیفئ بٹ  کی نماز جنازہ بعد از نماز عصر ان کی رہائش گاہ50ایم گلبرگ نصیر آباد میں اداکی گئی۔

دوسری جانب گوگی بٹ کے اہل خانہ کا سی سی پی او لاہور سے مطالبہ تھا کہ گوگی بٹ کو طیفی بٹ کے جنازے میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے۔

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے ضمانت خارج کروانے کیلئےگوگی بٹ کو حراست میں لے لیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق سی سی ڈی پولیس نے گوگی بٹ کے گھر کینال ویو چھاپہ مار کر گوگی بٹ کو مبینہ طور پر حراست میں لے لیا تھا۔گو گی بٹ سے کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گوگی بٹ انکی حراست میں نہیں ہے ،بالاج ٹیپو قتل میں گوگی بٹ نے عبوری ضما نت کروا رکھی ہے اور کل13تاریخ کو عدالت پیشی ہے۔

طیفی بٹ کے بھائی خواجہ اظہر گلشن کا کہنا ہے کہ پولیس نے گوگی بٹ کو یہ جھوٹا الزام لگا کر گرفتار کیا ہے کہ طیفی بٹ کو پولیس کی حراست سے چھڑانے کے لیے جن لوگوں نے رحیم یار خان میں پولیس قافلے پر حملہ کیا ان کی سربراہی گوگی بٹ کر رہے تھے۔

خواجہ اظہر گلشن کا کہنا ہے کہ نہ تو کسی نے طیفی بٹ کو پولیس حراست سے چھڑانے کی کوشش کی اور نہ ہی وہ فرار کے بعد مارا گیا۔ حقیقت یہ ہے کہ طیفی کو ایک جھوٹے پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا ہے جس کے خلاف وہ عدالت کا رخ کرنے والے ہیں۔ انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ گوگی بٹ کو بھی جھوٹے پولیس مقابلے میں مار دیا جائے گا۔

 

Back to top button