پاک بھارت کشیدگی کے باعث صدر مملکت نے کل شام 5 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملکی صورتحال کے پیش نظر  قومی اسمبلی کا اجلاس کل طلب کر لیا، اجلاس میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال زیربحث آئے گی۔

قومی اسمبلی کااجلاس کل شام 5 بجےپارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے،اجلاس آئین کےآرٹیکل 54 کی شق ایک کے تحت تفویض شدہ اختیارات کو بروئےکارلاتےہوئے طلب کیا گیا۔

اجلاس میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاک بھارت کشیدگی کی صورتحال پربحث کی جائے گی، اور قومی اسمبلی میں موجود عوامی نمائندےحکومت کو لائحہ عمل بنانے کے لیے تجاویز پیش کریں گے۔

واضح رہےکہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے قریب سیاحتی وادی پہلگام میں سیاحوں پرحملےکے فوری بعد بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کردیا تھا۔

اس کےبعد نریندر مودی کی حکومت نے پاکستان سے تعلقات میں کمی کا اعلان کیا،حملے کی گیدڑ بھبکیاں دیں اور سندھ طاس معاہدہ معطل کرنےکا اعلان کر دیا تھا۔

معدنیات بل کا معاملہ : عمران خان کے اہم احکامات پی ٹی آئی ارکان تک پہنچا دیے ہیں: جنید اکبر

 

پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے اپنے اجلاس میں بھارت کی اشتعال انگیزی پرغور کرنے کے بعد جوابی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے پانی روکنےکو جنگ کے مترادف قرار دیا تھا۔

دونوں ممالک نےایک دوسرے کے شہریوں کے ویزے منسوخ کر دیےتھے، اس وقت جنوبی ایشیا کی دو ایٹمی قوتوں کے مابین صورتحال شدید کشیدہ ہے۔

اقوام متحدہ، یواین سلامتی کونسل، یورپی یونین، عرب اور ایشائی ممالک بھی پاک بھارت کشیدگی میں کمی لانے کے لیے کوشاں ہیں۔

پاکستان نےغیرجانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے، لیکن بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی نے جنوبی ایشیا کو جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

Back to top button