پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں۔ صدر رجب طیب اردوان کا دورہ پاکستان کیلئے مفید ثابت ہوگا۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 24 نئے معاہدے، مفاہمت کی یادداشتیں (ایم او یوز) طے پاگئیں، ترکیہ کو اپریل میں ہونے والی ہیلتھ کیئر اینڈ انڈسٹریل ایکسپو میں شرکت کی دعوت بھی دے دی گئی۔
اسلام آباد میں اس حوالے سے منعقدہ تقریب سےتقریب سےخطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امید ہے صدر رجب طیب اردوان کا دورہ پاکستان کے لیے مفید ثابت ہوگا، پاکستان اورترکیہ کےبرادرانہ تعلقات ہیں، دونوں قوموں کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ ہم ترکیہ کے صدر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے بھی متاثر ہے، اور حال ہی میں بڑے سیلاب کا سامنا کیا، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بےمثال شراکت رہی ہے، اور آج کے دورے کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات نئی بلندیوں کی جانب جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ رجب طیب اردوان اسلامی دنیا کے انتہائی اہم رہنما ہیں، جنہوں نے اپنے ملک میں نظام کو مثالی بنایا،اور لوگوں کو مسائل سے نکال کر بہتر مستقبل کی جانب لے کر آئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسی طرح صدررجب طیب اردوان کی غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام کے لیے بھی کاوشیں قابل قدر ہیں، ترکیہ ہمیشہ کشمیری عوام کے حوالے سے پاکستان کے موقف کے ساتھ بھی کھڑا رہا ہے، اور خود بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی اور حق خود ارادیت کا بڑا حامی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، اس کے عوام اور فورسز کے اہلکاروں نے ہمیشہ امن کے قیام کے لیے قربانیاں دی ہیں، یہی حالات ترکیہ نے بھی دیکھے اور ترکیہ میں بھی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دی گئیں، ہم دونوں ملکوں میں یہ قدر مشترک ہے، امید ہے دونوں برادرانہ ملکوں میں تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بھی نئی بلندیوں کی جانب جائے گا۔