بحیرہ احمر اور باب المندب کے اطراف صورت حال مزید کشیدہ

یمن میں حوثیوں کی پیش قدمی کے بعد بحیرہ احمر اور باب المندب کے اطراف صورت حال مزید کشیدہ ہوگئی ہے،سعودی عرب نے ساحلی شہر موخا کے ہوائی اڈے پر دو فضائی حملے کیے ہیں۔

حوثی میڈیا کےمطابق سعودی طیاروں نے موخا ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا،تاہم حملوں کے نتیجے میں جانی یا مالی نقصان کی فوری تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

خیال رہے کہ موخا شہر پر حوثیوں نے جمعرات کو قبضہ کیاتھا۔حوثیوں نے گزشتہ ہفتے سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز کےخلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی تھی،جس کےبعد بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں لڑائی شدت اختیار کرگئی ہے۔

دوسری جانب یمنی حکومتی ذرائع نے بین الاقوامی خبر ایجنسی کو بتایا ہےکہ حوثی جنگجو باب المندب آبنائے کے قریب واقع شہر ذباب تک پہنچ گئےہیں۔ ذباب آبنائے باب المندب کے بالکل قریب اور جزیرہ پریم کے سامنےواقع ہے۔

ذرائع کےمطابق ذباب اور پریم پر کنٹرول حاصل کرنا باب المندب پر اثر و رسوخ قائم کرنے کےلیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔باب المندب بحیرہ احمر کو خلیج عدن سے ملانےوالی اہم عالمی بحری گزرگاہ ہے اور اس کےذریعے ایشیا اور یورپ کے درمیان بڑی مقدار میں تجارتی سامان منتقل ہوتاہے۔

حوثیوں کا موخا پر قبضہ اور باب المندب کی جانب پیش قدمی ایسے وقت میں ہوئی ہےجب خطے میں ایران اور امریکا کےدرمیان جنگ کے باعث پہلے ہی اہم سمندری راستوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

 

Back to top button