اتحاد میں شامل چھوٹی جماعتوں کو مایوس نہیں کیا جائے گا

وزیر اعظم شہبازشریف اورپیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے اتفاق کیا ہے کہ حکومتی اتحاد میں شامل چھوٹی جماعتوں کو مایوس نہیں کیا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
سیاسی وفاداریاں بدلنے والی ایم کیو ایم کا مستقبل کیا ہے؟
اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیرِاقتصادی امورسردار ایاز صادق، وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق اور رہنما مسلم لیگ ن ملک احمد خان بھی موجود تھے۔
ملاقات میں وزیراعظم نے ایم کیو ایم سے کیے گئے معاہدے کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے تبادلہ خیال کیا۔
باخبر ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی قیادت نے مل کر اجتماعی معاملات کو آگے بڑھانے پراتفاق کرتے ہوئے اس اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام اتحادی مل کر آگے بڑھیں گے،حکومتی اتحاد میں شامل چھوٹی جماعتوں کو مایوس نہیں کیا جائے گا۔ملاقات میں ارکان اسمبلی کی ترقیاتی اسکیموں اور چیئرمین نیب سمیت اہم تعیناتیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
یاد رہے کہ ایم کیو ایم نے وزیراعظم سے شکوہ کیا تھا کہ پیپلز پارٹی ان سے کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد نہیں کررہی۔
