8 فروری کے انتخابات کے بعد وجود میں آنے والا نظام زوال پزیر ہے : سلمان اکرم راجہ

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ 8 فروری کے انتخابات کے بعد وجود میں آنے والا نظام زوال کی طرف بڑھ رہا ہے، اب بھی وقت ہے کہ حکمران عوام کو ساتھ لے کر چلیں۔
خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں لوگ بےیارو مددگار اور بےبس ہیں،ملک اس وقت سیلاب کی زد میں ہے، 2022 میں سیلاب نے ملک کو لپیٹ میں لیا تھا،اس وقت بھی پی ڈی ایم کی حکومت تھی۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ پنجاب کے سیلاب سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، لوگ اور ان کے مال مویشی بھوک سے دوچار ہیں جب کہ حکمران بیرونی دوروں میں مصروف ہیں۔
مرکزی رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ملک میں گندم کی قلت سنگین صورت اختیار کرچکی ہے، ایک سال کے دوران عالمی تجارت کا خسارہ 30 فیصد بڑھا اور برآمدات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ڈالر کی قدر کو مصنوعی طور پر روکا گیا لیکن اب یہ مزید بڑھنے کے امکانات ہیں۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھاکہ 8 فروری کے انتخابات کے بعد وجود میں آنے والا نظام زوال کی طرف بڑھ رہا ہے، اب بھی وقت ہے کہ حکمران عوام کو ساتھ لے کر چلیں۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو ججوں کے خطوط سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ عدلیہ کو کس طرح کمزور کیاگیا اور انصاف کا تصور ختم کیا جا رہا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے خبردار کیا کہ آمریت کبھی معاشی ترقی کی ضامن نہیں رہی، تاریخ میں کئی آمر ایسے گزرےجن کے عوام آج ان کا ذکر کرتےہوئے بھی شرمندہ ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کو ڈرا دھمکا کر دبایا نہیں جاسکتا، قوم جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے،ہمیں ایسی پالیسی چاہیے جس سے غریب کو فائدہ ملے اور معیشت عوام دوست ہو۔
اس موقع پر سینیٹر راجہ ناصر عباس نے کہا کہ آئین ہی وہ دستاویز ہے جو قوم کو متحد رکھتا ہے۔قانون کی بالادستی کے بغیر کوئی معاشرہ قائم نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ سیلاب سے پہلے ہی آئین شکنی اور عوامی حقوق پر ڈاکا ڈالنے کا ایک سیاسی طوفان برپا کیا گیا،جس کے ذریعے 8 فروری کے عوامی مینڈیٹ کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔
