عمران خان بالکل ٹھیک ہیں ، صحت سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں ، علیمہ خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ کل ان کی عمران خان سے ملاقات طے تھی، تاہم انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ بیرسٹر گوہر کو ان سے ملنے دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا طبی معائنہ صرف ان کے ذاتی ڈاکٹرز کی موجودگی میں ہونا چاہیے، کیونکہ موجودہ صورتحال میں "ہم ان لوگوں کے ارادوں پر بھروسہ نہیں کر سکتے”۔
علیمہ خان کے مطابق، ڈاکٹر عظمیٰ خان نے عمران خان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا، کیونکہ وہ خود ڈاکٹر ہیں اور طبی نکتہ نظر سے فکر مند تھیں۔
علیمہ خان نے مزید واضح کیا کہ "عمران خان مکمل طور پر ٹھیک ہیں، اور سوشل میڈیا پر ان کی صحت سے متعلق غلط اور سنسنی خیز خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ اگر عمران خان کی طبیعت میں معمولی خرابی بھی آتی ہے تو ان کی فیملی سب سے پہلے آواز بلند کرے گی۔”
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت کو لے کر جان بوجھ کر سنسنی پھیلائی جا رہی ہے، جو حقیقت پر مبنی نہیں۔
