کراچی پرممکنہ سمندری طوفان کا خطرہ منڈلانےلگا،5واں الرٹ جاری

بحیرہ عرب میں ڈیپ ڈپریشن بننےسےکراچی پرممکنہ سمندری طوفان کاخدشہ منڈلانے لگا۔5واں الرٹ جاری کردیاگیا۔
محکمہ موسمیات نے ممکنہ طوفان سے متعلق پانچواں الرٹ جاری کر دیا جس کے مطابق ڈیپ ڈپریشن اس وقت شمال مشرقی بحیرہ عرب پر موجود ہے اور ممکنہ طوفان کراچی سے 400 کلومیٹر جنوب میں موجود ہے۔اگلے 12 گھنٹوں کے دوران سمندری طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
شمال مشرقی بحیرہ عرب میں موجود دباؤ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مغرب اور شمال مغرب کی طرف بڑھ کر گہرے ڈپریشن میں تبدیل ہوا جبکہ گہرے ڈپریشن کے مغرب اور شمال مغرب کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔
بحیرہ عرب میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مغرب اور جنوب مغرب کی طرف بڑھنے اور مزید شدت کے طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
سسٹم کے زیر اثر کراچی، تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو کے اضلاع میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے ساحل کے قریب 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کے سبب سمندری حالات خراب سے انتہائی خراب رہنے کا امکان ہے۔ ماہی گیروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ 5اکتوبر تک گہرے سمندر میں نہ جائیں۔
