آئین شکنوں پر غداری کے مقدمات چلنے چاہئیں
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر افسوس ہے لیکن آئین توڑنے پر نہیں، سپریم کورٹ نے عمران خان کے امریکی سازش والے بیانیےکو اڑا کر رکھ دیا.
پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر17جولائی کو ہونیوالے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں خوشاب میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان بدقسمت انسان ہے جس پر آئین توڑنےکا کلنک لگا، عمران خان نے آئین شکنی کرکے ڈکٹیٹروں کو بھی مات دے دی، اس کے خلاف آرٹیکل6 کے تحت مقدمہ چلانا چاہیے.
انہوں نے کہاایک پیج پر ہونے کے باجود یہ مسلم لیگ ن سے سارے ضمنی الیکشن ہارا ، دھاندلی وہ ہوتی ہے جب ایک جماعت کے قائد کو ڈسکوالیفائی کیا جاتا ہے، جب نواز شریف اور مریم نواز کی تقریریں ٹی وی پر چلانے پر پابندی لگائی جاتی ہے ، عمران خان تو دندناتا پھرتا ہے اور دن میں تین تین مرتبہ لوگوں کا مغز کھاتا ہے.
زیارت سے اغوا ہونے والا فوجی افسر کس نے قتل کیا؟
دریں اثںا راولپنڈی کے علاقے کلرسیداں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں فتنہ خان پہلا سیاستدان ہے جسے سپریم کورٹ نے جھوٹا اور آئین شکن قرار دیا ہے، عدالت عظمیٰ کے فیصلے نے فتنہ خان کی سیاست اڑا کر رکھ دی ہے، آئین پاکستان کو پاؤں تلے روندنے والوں کے خلاف غداری کا مقدمہ چلنا چاہیے۔
انہوں نے کہا مشکل فیصلے جو کرنے پڑے وہ کیے، دل پر پتھر رکھ کر کیے، عمران خان پاکستان میں جو بارودی سرنگیں بچھا کر گیا تھا، ان کو مسلم لیگ (ن) نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ایک ایک بارودی سرنگ کو اپنے ہاتھ سے ہٹاکر پاکستان کو بچایا ہے۔
انکا کہنا تھا مشکل دور ختم ہوا، ان شااللہ آنے والے دن اچھی سے اچھی خبریں لے کر آئیں گے اور آج شام کو وزیراعظم شہباز شریف قوم سے خطاب کرے گا اور پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرے گا،یہ عوام ہماری ذمہ داری ہیں، وہ جو کہتے تھے ہم آلو، پیاز کے ریٹ معلوم کرنے نہیں آئے، آج کل اپنی تقریروں میں دھنیا اور پودینے کا ریٹ بھی بتاتا ہے۔
انہوں نے کہاسپریم کورٹ کا کل جو تاریخی فیصلہ آیا ہے، اس میں فتنہ خان کی جھوٹی سیاست کو اڑا کر رکھ دیا، پاکستان کے 75 سال میں یہ پہلا سیاست دان ہے، جس کو سپریم کورٹ نے کہا یہ جھوٹا بھی ہے اور آئین شکن بھی ہے، سپریم کورٹ کے جج نے کہا یہ پاکستان کا آئین توڑنے کا مرتکب ہوا ہے تو مبارک ہو عمران خان تم پاکستان کے پہلے سیاست دان ہو جس نے آمر کو بھی مات دی۔
مریم نواز نےکہا حکومت پاکستان سے کہتی ہوں کہ پاکستان کے مقدس آئین توڑنے والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، غداری کے مقدمے چلنے چاہیئں، انہوں نے پاکستان کے آئین کو اپنے پاؤں تلے روندا ہے، اس لیے ان کو ایسی سزا ملنی چاہیے کہ پھر کسی کو آئین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ ہو، سپریم کورٹ نے اس کے سازش والے بیانیے کو بھی اڑا کر رکھ دیا، اس نے قوم اور پاکستان سے جھوٹ بولا کہ امریکا نے اس کے خلاف سازش کردی، سپریم کورٹ کے ایک جج نے لکھا کہ اس نے سازش کا کوئی ثبوت نہیں دیا تو اس کے پاس کوئی ثبوت ہوتے تو دیتا ورنہ سازش کا ثبوت پیش کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے بہتر کون سی جگہ ہے۔
انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے سوچا ہوگا کہ شاید سپریم کورٹ بھی کوئی جلسہ ہے جہاں یہ کھڑا ہو کر جھوٹ بولے گا، الزام عائد کرے گا، بہتان اور گالیاں دے گا لیکن وہاں ثبوت دینا پڑتا ہے، سپریم کورٹ نے صرف عمران خان کے سازشی بیانیے کو تباہ نہیں کیا آئین شکنی کو نہیں پہچانا بلکہ ثاقب نثار کے جھوٹے صادق اور امین کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں۔
لیگی نائب صدر نے کہا یہ اب رونا شروع ہوگیا کہ دھاندلی ہو رہی ہے، جو شخص اپنی حکومت اور سیم پیج ہوتے ہوئے مسلم لیگ (ن) سے سارے ضمنی انتخابات ہار گیا وہ کہتا ہے دھاندلی ہو رہی ہے، دھاندلی کیا ہوتی ہے عمران خان سے زیادہ کون جانتا ہے کیونکہ وہ دھاندلی کا موجد اور بانی ہیں، دھاندلی تو وہ ہوتی ہے جب الیکشن سے پہلے پارٹی کے سربراہ کو نااہل کرکے جیل میں بند کردو، نواز شریف کو نااہل کرکے جیل بھیج دیا لیکن عمران خان تو سرعام دندناتے پھر رہا ہے کیا کسی نے جیل میں بند کیا۔
انہوں نے کہا دھاندلی وہ ہوتی ہے باپ کا ساتھ دینے پر بیٹی کو اٹھا کر جیل میں پھینک دو، عمران خان کے بچے تو آرام سے لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں، دھاندلی تو وہ ہوتی ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی تقریروں پر پابندی لگا دو لیکن عمران خان تو روز تین،تین دفعہ قوم کا مغز کھاتا ہے، دھاندلی تو وہ ہوتی ہے کہ دباؤ ڈال کر اور تھپڑ مار کر نواز شریف کے اراکین کو یا تو نااہل کرایا یا کہا مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ واپس کردو ورنہ چھوڑیں گے نہیں، عمران خان کے سارے امیدوار میدان میں ہیں، مسلم لیگ (ن) نے کسی کو سازش کرکے باہر نہیں کیا۔
مریم نواز نے کہا عمران خان کہہ رہا ہے مسٹرایکس اور مسٹر وائی دھاندلی کر رہے ہیں، اے بی سی شروع کرتا ہے تو ایکس وائی زیڈ سے کرتا ہے، اے بی سی میں جی، پی اور آئی بھی آتا ہے، جی سے گوگی، پی سے پنکی پیرنی اور آئی سے ابراہیم مانیکا بھی ہوتا ہے جو ارب پتی ہے اور مسٹر ایکس عمران خان ان کا سرغنہ ہوتا ہے، عمران خان کو نواز شریف کی تصویر ہر جگہ نظر آئے گی اور جس موٹر وے سے عمران خان جلسے میں پہنچے تھے وہ بھی نواز شریف نے بنایا تھا۔