کراچی ایئرپورٹ پر ایک دن میں تین غیر ملکی طیارے حادثے کا شکار، تحقیقات کا حکم

ایک ہی دن میں کراچی ایئرپورٹ پر تین غیر ملکی طیارے مختلف حادثات کا شکار ہوگئے۔ ڈی جی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے حادثات کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔
یہ واقعات 28 جون کو پیش آئے اور ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق تینوں طیارے اب تک کراچی ایئرپورٹ پر گراؤنڈ ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ایک بین الاقوامی کوریئر کمپنی کے کارگو طیارے سے لوڈر ٹرک ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں طیارے کے بائیں ونگ کی لائٹس ٹوٹ گئیں اور دیگر تین مقامات پر بھی نقصان پہنچا۔
تاحال طیارے کی مرمت کا کام شروع نہیں ہوسکا اور امکان ہےکہ مرمت کےلیے ماہرین کی ٹیم بیرون ملک سے کراچی آئے گی۔
مزید یہ کہ 20 جون کو ترکش ایئرلائن کے ایک طیارے سے ٹیکسی کے دوران پرندہ ٹکرا گیا تھا،جس کے باعث طیارہ بھی گراؤنڈ کردیا گیا۔
تیسرا واقعہ سعودی ایئرلائن کے ایک طیارے کے ساتھ پیش آیا،جس نے دوران پرواز انجن میں آگ کی وارننگ کےبعد کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ یہ طیارہ بھی تاحال ایئرپورٹ پر موجود ہے اور اس کی تکنیکی خرابی دور کرنے ک لیے پی آئی اے کی انجینئرنگ ٹیم کام کر رہی ہے۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ ایک ہی دن میں یکے بعد دیگرے ان واقعات نے ایئرپورٹ حکام کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے، جس پر ڈی جی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے حادثات کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔