کل سےملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف حصوں میں کل سے10 جولائی تک موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی پاکستان میں ایک فعال موسمی سسٹم داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا قوی امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ موسمی صورتحال کے جائزے کے مطابق، 7 سے 10 جولائی کے دوران کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

اس کے علاوہ پوٹھوہار ریجن اور شمال مشرقی پنجاب کے علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی ملحقہ علاقوں میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے حساس بالائی علاقوں میں مقامی سیلاب کا خطرہ ہے۔ شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے اور نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔

 

Back to top button