ٹرمپ کا ایران میں رجیم چینج کا مطالبہ

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں سپریم لیڈر خامہ ای کی حکومت کا تختہ الٹنےکا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ” رجیم چینج “ کی اصطلاح سیاسی طور پر درست نہیں سمجھی جاتی، لیکن اگر موجودہ ایرانی حکومت ایران کو عظیم نہیں بناسکتی تو پھر تبدیلی کیوں نہ ہو؟

امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایران میں رجیم چینج سے متعلق سوال کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے حملے ایران میں بہت درست اور ہدف پر تھے،ایران میں جوہری تنصیبات کو پہنچنے والا نقصان انتہائی شدید بتایا جارہا ہے۔

ایران کی جوہری تنصیبات پر کیےگئے حملے کے بارے میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ایک شاندار فوجی کامیابی حاصل کی،اس کامیابی میں بم کو ایران کے ہاتھ سے چھین لیا،اگر انہیں موقع ملتا تو وہ یہ بم ضرور استعمال کرتے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھاکہ حملے میں امریکی فوج نے بہادری اور ذہانت کا استعمال کیا۔امریکی فوج نے مکمل اور فیصلہ کُن فتح حاصل کی،ہماری ناقابل یقین فوج کا شکریہ،امریکی فوج نے حیرت انگیز کام کیا،یہ واقعی خاص تھا۔

یاد رہےکہ امریکا،اسرائیل اور یورپی طاقتیں کئی برسوں سے ایران میں حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہیں جس میں انہیں مختلف سیاسی،لسانی اور نسلی گروہوں کی حمایت حاصل ہے ۔

Back to top button