ایرانی جوہری تنصیبات کو کامیاب آپریشن میں تباہ کردیا،امریکی وزیردفاع

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ ایران  کی جوہری تنصیبات کو کامیاب آپریشن کے دوران تباہ کردیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین کے ہمراہ نیوز بریفنگ میں وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاریخ کے ایک نہایت مشکل فوجی آپریشن کا حکم دیا، جسے افواج نے غیر معمولی مہارت سے انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض میڈیا ادارے اس کامیابی کو نظر انداز کرتے ہوئے منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔

پیٹ ہیگسیتھ نے الزام عائد کیا کہ امریکی میڈیا مسلسل صدر ٹرمپ کو نشانہ بناتا ہے، ان کی کامیابیوں کو پس پشت ڈال کر اسکینڈلز کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے بقول، تنقید کرنے والے نہیں چاہتے کہ ٹرمپ کو کریڈٹ ملے۔

وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر کیے گئے حملے انتہائی مؤثر اور کامیاب ثابت ہوئے، اور ان کے مطابق، ایرانی ایٹمی پروگرام کو اتنا شدید نقصان پہنچا جس کا حصول ماضی کے صدور صرف خواب میں ہی دیکھ سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) نے بھی ایرانی جوہری پروگرام کو شدید نقصان پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی میڈیا ادارے سی این این اور نیویارک ٹائمز نے ابتدائی انٹیلیجنس رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ حملے سے ایرانی جوہری پروگرام مکمل طور پر تباہ نہیں ہوا بلکہ چند ماہ کی پیش رفت ہی متاثر ہوئی۔

پیٹ ہیگسیتھ کے مطابق، ایران میں جوہری تنصیبات پر کیے گئے حملوں کا ایک اہم مقصد خطے میں جنگ کا خاتمہ تھا، جس کے نتیجے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی، جو خوش آئند امر ہے۔

قبل ازیں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایک ریکارڈ شدہ بیان میں کہا تھا کہ امریکا نے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ کرکے کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں کی۔

جنرل ڈین کین نے نیوز بریفنگ میں آپریشن “مڈنائٹ ہیمر” میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ہمارے پائلٹس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ قطر میں امریکی اڈے پر ایرانی حملے کی پیشگی اطلاع مل گئی تھی، اور امریکی فورسز کو صرف دو منٹ میں ردعمل دینا پڑا، جس میں انہوں نے ایرانی حملہ ناکام بنایا۔

Back to top button