غزہ میں پرتشدد کارروائیوں پرگہری تشویش ہے،خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ عالمی برادری کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ تنازعات کا پُرامن حل یقینی بنائے۔ غزہ میں پرتشدد کارروائیوں پرگہری تشویش ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی ناگزیر ہے۔ مسئلہ کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ تنازعات عالمی امن و سلامتی کے لیے مستقل خطرہ ہیں، جن کا پرامن حل عالمی برادری کی ترجیح ہونا چاہیے۔
خواجہ آصف نے دہشتگردی کو مشترکہ خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ دہشتگردی کے خلاف اقدامات کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک پرامن اور مستحکم افغانستان ناگزیر ہے۔