امریکی میڈیا کی نور خان ائیر بیس پر ایرانی طیاروں سے متعلق خبریں گمراہ کن ہیں : دفتر خارجہ

 

 

 

پاکستانی دفتر خارجہ نے امریکی نشریاتی ادارے کی اس رپورٹ کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے گمراہ کن قرار دیا ہے جس میں نور خان ایئربیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق دعوے کیے گئے تھے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں نور خان ائیربیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی کے حوالے سے سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کو مسترد کیاگیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق یہ رپورٹ گمراہ کن،سنسنی خیز اور علاقائی امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔

 

بیان میں کہاگیا ہےکہ جنگ بندی کے بعد اور اسلام آباد مذاکرات کے ابتدائی مرحلے کے دوران،ایران اور امریکا کے متعدد طیارے پاکستان پہنچے تاکہ سفارتی عملے، سکیورٹی ٹیموں اور مذاکراتی عمل کے عملے کی آمد و رفت کو آسان بنایا جاسکے،بعض طیارے اور معاون عملہ مذاکرات کے اگلےدور کی توقع کے پیش نظر پاکستان میں ہی موجود رہا۔اگرچہ باضابطہ مذاکرات ابھی دوبارہ شروع نہیں ہوئے،تاہم اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط جاری ہیں،اسی تناظر میں ایرانی وزیر خارجہ کے اسلام آباد کے دوروں کو موجودہ انتظامی اور لاجسٹک سہولیات کے ذریعے ممکن بنایاگیا۔

پاکستان میں موجود ایرانی طیارہ جنگ بندی کےدوران آیا تھااور اس کا کسی بھی فوجی ہنگامی صورت حال یا حفاظتی انتظامات سے کوئی تعلق نہیں، اس حوالے سے کیےجانے والے تمام دعوے قیاس آرائی،گمراہ کن اور حقائق کے منافی ہیں۔

پاکستان ہی ایران اور امریکا کے درمیان “باضابطہ ثالث” ہے : ایرانی وزارت خارجہ

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ غیرجانبدار،تعمیری اور ذمہ دار سہولت کار کا کردار ادا کیا ہےاور کشیدگی میں کمی،مذاکرات کے فروغ اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کےلیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

 

Back to top button