امریکی فوج نے 6 ایرانی کشتیاں تباہ کردیں،کمانڈر سینٹکام

امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کی 6 چھوٹی کشتیوں کو تباہ کر دیا اور ایران کی جانب سے داغے گئے کروز میزائلوں اور ڈرونز کو بھی مار گرایا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر کے مطابق یہ کارروائیاں آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت بحال کرنے کے لیے جاری آپریشن کے دوران کی گئیں۔

ایڈمرل بریڈکوپر نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف امریکی ناکہ بندی بدستور جاری ہے جس کے تحت جہازوں کو ایران آنے یا وہاں سے روانہ ہونے سے روکا جا رہا ہے اور یہ ناکہ بندی توقعات سے زیادہ مؤثر ثابت ہو رہی ہے۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا نے آج آبنائے ہرمز میں امریکی جنگی جہاز پر میزائیل داغنے کی ویڈیو جاری کردی۔

اس سے قبل ایرانی خبرایجنسی کا بتانا تھا کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی وارننگ نظر اندازکرنے والے امریکی جہاز کو دو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیاہے۔

ایرانی خبرایجنسی کا ذرائع کے حوالے سے کہنا تھا کہ حملوں کے بعد امریکی جہاز نے اپنا سفر روک دیا اور  پسپائی اختیار کرنے اور علاقے سے بھاگنے پر مجبور ہوگیا۔

Back to top button