چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس سکیم کا اجرا

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس سکیم کا اجرا کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجروں کو ہراساں نہیں کیا جائے گا۔
وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس اسکیم کا اجرا کردیا۔ اس موقع پرانجمن تاجراں کے نمائندے بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ تاجروں کی مشاورت سے مل کر آگے بڑھ رہے ہیں ۔ ہم پہلے بھی کئی مواقع استعمال کر چکے ہیں ۔ یہ تاجروں کی ایک دیرینہ خواہش رہی ہے کہ ٹیکس اسکیم کو آسان اور سادہ بنایا جائے ۔ میں اس سکیم کے بارے میں پر امید ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اور پرال کی کوشش رہی ہے کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے آسانی پیدا ہو ۔ تاجروں کو یقین دہانی ہو کہ انہیں ہراساں نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی طبقہ ٹیکس نظام میں نہ آئے تو وہ نظام نہیں چل سکتے ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کا ٹیکس ریٹرن فارم ایک ایم بی اے پڑھا لکھا نہیں فائل کر سکتا۔ یہ فائل 6,8 صفحے سے زائد نہیں ہونی چاہیے۔ تنخواہ دار طبقے کا ٹیکس ریٹرن فارم سادہ کیا جائے گا۔ سیلز ٹیکس کی چوری کریمنل ہے۔ سیلز ٹیکس وصول کرنے کے بعد آگے قومی خزانے میں جمع نہیں ہوتا ۔ سیلز ٹیکس کی چوری بڑے پیمانے پر ہورہی ہے ۔
اس موقع پر وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ چھوٹے دکاندار موبائل فون ایپ کے ذریعے ٹیکس ریٹرن فائل کر سکتے ہیں۔ موبائل فون کے ذریعے ٹیکس ادا کیا جا سکتا ہے ۔ اس سکیم کے ذریعے پوائنٹ آف سیلز سے استثنیٰ دیا جائے گا ۔ چھوٹے تاجروں کو گرین پلیٹ جاری کی جائے گی ۔
بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ ایپ اور سکیم، تاجروں سے مشاورت اور رہنمائی کےساتھ بنائی گئی ہے۔سکیم کا اعلان بجٹ سے پہلے کیا گیا تھا اس وقت سے اب تک سکیم پر کام کیا گیا ہے۔ ماضی کی سکیموں کی ناکامی کو دیکھ کر یہ سکیم بنائی گئی ہے۔ اس ایپ کو با آسانی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
