وزیراعظم سے امریکی وزیرخارجہ کا رابطہ،پاک بھارت کشیدگی پرتبادلہ خیال

وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا ٹیلی فونک رابطہ،پاک بھارت کشیدہ صورتحال اور سدباب بارے تبادلہ خیال کیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق  وزیر اعظم شہباز شریف نے مارکو روبیو کو جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت پر  اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

شہبازشریف کا کہناتھا کہ دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذمت کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی جبکہ پاکستان کو 152 ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا۔

وزیراعظم نے بھارت کے بڑھتے اشتعال انگیز رویے کو انتہائی مایوس کن اور تشویشناک قراردیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جاری کوششوں سے توجہ ہٹانے کا کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو دو ٹوک الفاظ میں مسترد کیا اور  پہلگام واقعے پر حقائق سامنے لانے کے لیے غیر جانبدارانہ تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے امریکا پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے۔

مارکو روبیو نے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے دونوں فریقوں کے مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Back to top button