امریکی آبدوز کا ایرانی بحری جہاز پر حملہ بزدلی ہے، عباس عراقچی

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایرانی بحری جہاز پر مبینہ امریکی آبدوز حملے کو بزدلی کی علامت اور کھلا جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق عباس عراقچی نے ایک خصوصی نمائش کا دورہ کیا، جس میں ان اشیا کی نمائش کی گئی تھی جو حملے کے بعد بحری جہاز کے عملے کی جانب سے چھوڑ دی گئی تھیں۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ حملہ سری لنکا کے ساحل کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں پیش آیا، جہاں بعد ازاں سمندر سے 87 افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں۔

عباس عراقچی نے کہا کہ جو کچھ پیش آیا وہ بلا شبہ ایک جنگی جرم ہے، جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق ایرانی بحری جہاز کو کسی بھی قسم کی پیشگی وارننگ، فوجی تصادم یا ہتھیاروں کے استعمال کے بغیر نشانہ بنایا گیا، حالانکہ یہ ایک غیر مسلح جہاز تھا۔انہوں نے کہا کہ میدانِ جنگ سے دور کسی غیر مسلح بحری جہاز کو نشانہ بنانا بہادری نہیں بلکہ دشمن کی کمزوری، بزدلی اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی علامت ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ وزارت خارجہ کا قانونی شعبہ ایرانی بحریہ کے تعاون سے حملے سے متعلق تمام شواہد اکٹھے کر رہا ہے اور اس واقعے پر بین الاقوامی سطح پر ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنایا جا سکے۔

Back to top button