واشنگٹن :بھارتی یوم آزادی پر سکھوں کا احتجاج، سفارتخانے کے باہر خالصتان کے نعرے

بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر امریکی دارالحکومت میں مقیم سکھ کمیونٹی نے بھارتی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ کیا اور خالصتان کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔
بھارتی سفارتخانے میں یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب جاری تھی کہ اس دوران درجنوں مظاہرین نے سفارتخانے کے باہر احتجاج کرتے ہوئے عمارت کو گھیرے میں لے لیا۔ مظاہرین نے خالصتان کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور "بھارت مردہ باد” اور "قاتل مودی” جیسے نعرے لگائے۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے بھارتی قومی پرچم کے ٹکڑے کر کے سفارتخانے کے باہر پھینک دیے۔ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر بھارتی سفارتی عملے نے پولیس طلب کر لی، جو کئی گھنٹے موقع پر موجود رہی تاکہ حالات قابو میں رہیں۔
فیصلوں میں تاخیر اکثر انصاف کو ختم کر دیتی ہے، جسٹس منصور علی شاہ
اس موقع پر خالصتان کونسل کے سربراہ ڈاکٹر گرپتونت سنگھ سندھو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "کل واشنگٹن میں خالصتان ریفرنڈم منعقد کیا جا رہا ہے جس میں ہزاروں سکھ شرکت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب بھارتی پنجاب آزاد ہوگا اور خالصتان کا قیام عمل میں آئے گا۔”
یاد رہے کہ خالصتان تحریک بھارت کے زیرِ انتظام پنجاب میں علیحدہ سکھ ریاست کے قیام کی حامی ہے اور اسے بھارت میں شدت پسند تحریک تصور کیا جاتا ہے، جبکہ خالصتان کی حمایت میں دنیا بھر میں موجود سکھ برادری وقتاً فوقتاً مظاہرے کرتی رہی ہے۔
