ہم نواز شریف کی طرح ڈیل نہیں انصاف چاہتے ہیں: اسد قیصر

مرکزی رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم نواز شریف کی طرح ڈیل نہیں بلکہ انصاف چاہتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان کو ہسپتال منتقل کیا جائے اور عمران خان کے فیصلے میرٹ پر ہوں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان اور پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کچھ اہم فیصلے ہوئے ہیں،ہم جمعے کے روز ملک گیر احتجاج کا اعلان کررہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی نے تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے 4 نکات کو تسلیم کیا،پارلیمانی پارٹی نے تحریک کے فیصلوں پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی۔
اسد قیصر نے کہاکہ بجٹ آ رہا ہے،ہم نے فیصلہ کیا ہےکہ اسے منظور نہیں ہونے دیں گے،ایمان مزاری سمیت سیاسی قیدیوں سے ظلم روا رکھا گیا ہے اور اپوزیشن کی آوازیں بند کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی کا چیلنج درپیش ہے،نااہلی سے خارجہ پالیسیاں بنائی گئی ہیں،خیبرپختونخوا میں صنعتیں بند ہوتی جارہی ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے،آٹے، گیس اور سی این جی کی بندش کو ختم کیاجائے۔
