جہانگیر خان ترین نے گورنمنٹ پروگریسیو گرلز ہائی سکول میں جدید کمپیوٹر لیب کا افتتاح کردیا

 

 

جہانگیر خان ترین نے گورنمنٹ پروگریسیو گرلز ہائی سکول میں جدید کمپیوٹر لیب کا افتتاح کردیا۔ اس افتتاح کے بعد محض ایک ماہ کے دوران جہانگیر خان ترین کی جانب سے لاہور میں چھٹی کمپیوٹر لیب کا افتتاح کیا گیا ہے۔ یہ لیب ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن (TEF) کی جانب سے تقریباً 10 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے، جس کا مقصد طالبات کو جدید اور معیاری ڈیجیٹل تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

 

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ "ہم نے ایک ایسی لیب بنائی ہے جو ایلیٹ سکولز کی لیبز کے معیار کا مقابلہ کرتی ہے تاکہ کم آمدن والے طبقات کے بچوں کو بھی وہی سہولیات اور مواقع حاصل ہوں جو معاشرے کے خوشحال طبقے کے بچوں کو میسر ہیں۔ امیر اور غریب بچوں کو یکساں مواقع کی فراہمی ایک بنیادی حق ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ "میری ہمیشہ سے خواہش اور ترجیح رہی ہے کہ تعلیم کے شعبے میں کام کیا جائے، خاص طور پر ایسے طلباء کے لیے جو محدود وسائل رکھتے ہیں۔ ڈیجیٹل ایجوکیشن ہی ہمارے بچوں کے مستقبل کو محفوظ اور روشن بنا سکتی ہے۔”

 

انہوں نے کہا کہ صرف کمپیوٹر لیب کی تعمیر کافی نہیں بلکہ ایک ایسا ماحول فراہم کرنا بھی ضروری ہے جو طلباء کی سیکھنے اور سمجھنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنائے۔

 

جہانگیر خان ترین نے مزید کہا کہ انہوں نے مشاہدہ کیا ہے کہ چاہے سکول لاہور میں ہوں یا جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں میں، کم وسائل والے تعلیمی اداروں کو تقریباً یکساں مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی منصوبوں کا مقصد ایسی تعلیم کی فراہمی ہے جو صنعتوں کی ضروریات سے ہم آہنگ ہو تاکہ طلباء مستقبل میں بہتر روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں۔

 

جہانگیر خان ترین نے مزید کہاکہ "نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء اگر بیرونِ ملک جامعات میں داخلہ حاصل کرتے ہیں تو ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن ان کی معاونت، رہنمائی اور ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی تاکہ باصلاحیت نوجوان عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔”

 

تقریب میں موجود چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی طارق محمود نے جہانگیر خان ترین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات تعلیمی شعبے میں درست سمت کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جہانگیر خان ترین کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے سرکاری سکولوں اور وہاں زیر تعلیم بچوں کی ضروریات کو ترجیح دی۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے قائم کی گئی اس لیب میں سولر پینلز کے ذریعے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، جس سے طالبات کو مستقل طور پر جدید تعلیمی سہولیات میسر رہیں گی۔

 

چیف ایگزیکٹو آفیسر ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن اکبر خان نے کہا کہ ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن جنوبی پنجاب میں اربوں روپے کے تعلیمی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن کی خواہش ہے کہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران بھی یہ لیب فعال رہے تاکہ پرنسپل کی اجازت سے طالبات اس سہولت سے مسلسل فائدہ اٹھا سکیں۔

 

سکول کی پرنسپل مبشرہ آفتاب نے جہانگیر خان ترین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سکول میں اس وقت 2000 سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں۔ کمپیوٹر لیب کے قیام سے طالبات کو جدید تعلیم اور ڈیجیٹل مہارتیں سیکھنے کا موقع ملے گا، جو انہیں مستقبل میں معاشرے کی ترقی اور بہتری میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا۔

Back to top button