کار جتنا بڑا دِل کس جانور کا ہوتا ہے؟

فلوریڈا میں کار جتنے بڑے دل کے ماڈل کی تیاری کی گئی ہے، جبکہ اسے حقیقی دل کی اصل جسامت کے مطابق بنایا گیا ہے۔
یہ نیلی وہیل کے دل کا ماڈل ہے جو اسمتھسونیئن انسٹی ٹیوٹ، امریکا کے ایک میوزیم میں رکھا گیا ہے، یہ دل حقیقت میں بھی 5 فٹ اونچا، 5 فٹ لمبا اور 4 فٹ چوڑا ہوتا ہے۔
یہ اب تک دریافت ہونے والے کسی بھی جانور کا سب سے بڑا دل ہے جو 950 پونڈ (450 کلوگرام) تک وزنی ہوسکتا ہے اگر آپ انسان جتنے اونچے اور 7 صحت مند آدمیوں جتنے وزنی دل کے بارے میں پڑھ کر حیران ہیں تو برائے مہربانی حیران ہونا چھوڑ دیجیے کیونکہ نیلی وہیل (بلیو وہیل) کو دنیا کے سب سے بڑے جانور کا اعزاز حاصل ہے۔
اس کی لمبائی 98 فٹ (تقریباً 30 میٹر) ہوتی ہے جبکہ یہ چار لاکھ پونڈ وزنی ہوتی ہے۔ یعنی ایک نیلی وہیل کا وزن، 33 ہاتھیوں جتنا ہوتا ہے،اس کا دل بھی ایک چھوٹی کار جتنا ہوتا ہے جس کے بارے میں بتایا جاچکا ہے۔
مزید یہ کہ نیلی وہیل کو دنیا میں سب سے بلند آواز نکالنے والی مخلوق بھی قرار دیا جاتا ہے جب یہ چنگھاڑتی ہے تو اس کی آواز 188 ڈیسی بیل تک پہنچتی ہے جبکہ جیٹ ہوائی جہاز کے انجن کا شور بھی 140 ڈیسی بیل جتنا ہوتا ہے۔
