11جون کو سپریم کورٹ میں کیا ہونے والا ہے؟3اعلیٰ سطحی اجلاس طلب

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے عدالتی نظام سے متعلق اہم امور پر غور کے لیے 11 جون کو تین اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیے ہیں۔ ان اجلاسوں میں ججز کے خلاف شکایات، نئی عدالتی تقرریوں، ججز کی کارکردگی اور سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی جیسے اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کی زیر صدارت سب سے پہلے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر کی ہائی کورٹس کے ججز کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں شکایات کی نوعیت، دستیاب شواہد اور آئینی و قانونی تقاضوں کی روشنی میں آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ذرائع کے بقول اسی روز جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں ہائی کورٹس میں نئے ججز کی تقرریوں کے طریقہ کار اور موجودہ ججز کی کارکردگی جانچنے سے متعلق قواعد و ضوابط پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مجوزہ رولز کی حتمی منظوری دیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد مختلف ہائی کورٹس میں خالی اسامیوں پر تقرری کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل شروع کیا جا سکے گا۔اجلاس میں موجودہ ہائی کورٹس کے ججز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک باقاعدہ اور شفاف طریقہ کار وضع کرنے پر بھی غور کیا جائے گا تاکہ عدالتی نظام کی استعداد اور کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
بعد ازاں قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا، جس میں تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان شرکت کریں گے۔ اجلاس میں سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی، مقدمات کے التوا میں کمی اور پرانے کیسز کے جلد فیصلوں کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق مختلف ہائی کورٹس اپنے اپنے صوبوں میں عدالتی اصلاحات، مقدمات کے بوجھ میں کمی اور انصاف کی فراہمی کو تیز تر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دیں گی۔ اجلاس میں زیر التوا مقدمات نمٹانے اور عدالتی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نئی ہدایات اور پالیسی فیصلے بھی متوقع ہیں۔
عدالتی حلقوں کے مطابق 11 جون کو ہونے والے یہ تینوں اجلاس عدالتی نظام میں شفافیت، احتساب اور انصاف کی بروقت فراہمی کے حوالے سے انتہائی اہم تصور کیے جا رہے ہیں۔
