’کوکین کوئین‘ انمول پنکی کے ساتھ کیا ہونے والا ہے؟

کراچی میں مبینہ طور پر منشیات کے نیٹ ورک چلانے کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے خلاف قانونی کارروائی ایک اہم مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ پولیس نے اس کے خلاف درج 21 مقدمات میں سے 8 مقدمات کی تفتیش مکمل کرکے چالان عدالتوں میں جمع کرا دیے ہیں، جنہیں عدالتوں نے منظور کرتے ہوئے ٹرائل کے لیے سیشن عدالت منتقل کر دیا ہے۔ ان مقدمات میں منشیات فروشی، غیر قانونی اسلحہ اور قتل بالسبب کے الزامات شامل ہیں۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ تحقیقات کے دوران انمول پنکی کے خلاف اہم شواہد حاصل ہوئے ہیں، جبکہ آئندہ سماعتوں میں ملزمہ پر فرد جرم عائد کیے جانے اور گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب مزید 13 مقدمات میں تفتیش جاری ہے، جن کے مکمل ہونے کے بعد مزید چالان عدالتوں میں پیش کیے جائیں گے۔
پولیس کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات اور قتل بالسبب سے متعلق 8 مقدمات اب باقاعدہ عدالتی ٹرائل کے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ پولیس نے ان مقدمات میں تحقیقات مکمل کرکے چالان عدالت میں جمع کرائے، جنہیں عدالت نے منظور کرلیا ہے۔
عدالتی کارروائی کے اگلے مرحلے میں ملزمہ اور دیگر گرفتار ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی، جس کے بعد استغاثہ کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔ پولیس نے چالان میں انمول پنکی کو مقدمات میں قصور وار قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اس کے خلاف کافی شواہد موجود ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر 21 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 19 مقدمات منشیات سے متعلق دفعات کے تحت درج ہیں، جبکہ ایک مقدمہ قتل بالسبب اور ایک مقدمہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں شامل ہے۔
پولیس کے مطابق ان مقدمات میں سے مختلف تھانوں کی تفصیل کچھ یوں ہے کہ گزری تھانے میں منشیات کے 6 مقدمات، درخشاں تھانے میں 5، ڈیفنس تھانے میں 3، بوٹ بیسن تھانے میں 2 جبکہ ایس آئی یو، چل اور گارڈن تھانوں میں ایک ایک مقدمہ درج ہے۔
اس کے علاوہ گارڈن تھانے میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے جبکہ بغدادی تھانے میں قتل بالسبب کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ مقدمات 2020 سے اب تک کے عرصے میں درج ہوئے۔
پولیس کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے چالان کے مطابق انمول عرف پنکی کی نشاندہی پر منشیات برآمد کی گئی، جبکہ تفتیش کے دوران اس کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمہ نے مبینہ طور پر منشیات تیار کرنے اور فروخت کرنے کے حوالے سے اعترافی بیان دیا، جس میں بتایا گیا کہ وہ اپنی مبینہ لیبارٹری میں منشیات تیار کرتی اور مختلف شہروں میں رائیڈرز کے ذریعے سپلائی کرتی تھی۔
چالان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمہ سے مبینہ طور پر 850 صارفین کی فہرست بھی برآمد ہوئی، جس کی بنیاد پر پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
انمول عرف پنکی کے خلاف بغدادی تھانے میں درج قتل کیس بھی عدالتی مرحلے میں شامل ہو چکا ہے۔ پولیس کے مطابق ایک شخص کی لاش ملنے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا تھا، تاہم مقتول کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
پولیس کے مطابق کیمیکل رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ موت نشے کے استعمال کے باعث ہوئی، جس کے بعد قتل کی دفعہ تبدیل کرکے قتل بالسبب کے تحت مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والے شخص کی شناخت نہ ہونے اور ڈی این اے کے ذریعے شناخت ممکن نہ ہونے کے باعث کیس کو دستیاب شواہد کی بنیاد پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق انمول عرف پنکی کے ساتھ اس کے بھائی کامران اور مبینہ سہولت کار سہیل، ذیشان اور سمیر کے خلاف بھی مقدمات چلائے جائیں گے۔
یہ تمام ملزمان گرفتار ہیں اور عدالت میں زیر سماعت مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔
تاہم پولیس اب تک دو خواتین سمیت 7 مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار نہیں کر سکی۔ مفرور ملزمان میں فیاض، عاقب، حمزہ، اعزاز اور زید جبکہ خواتین میں صابرہ اور اینا شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق اگر یہ ملزمان گرفتار ہو جاتے ہیں تو انمول پنکی کے خلاف مزید اہم شواہد سامنے آ سکتے ہیں، جبکہ گرفتاری نہ ہونے کی صورت میں انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
پولیس کے مطابق انمول عرف پنکی کو گرفتاری کے بعد 9 روز تک جسمانی ریمانڈ پر رکھا گیا، جہاں اس سے مقدمات اور مبینہ نیٹ ورک سے متعلق تفتیش کی گئی۔
بعد ازاں 22 مئی 2026 کو عدالت کے حکم پر اسے جیل منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ تاحال قید ہے۔
پولیس کے مطابق انمول پنکی کے خلاف مزید 13 مقدمات ابھی تفتیش کے مرحلے میں ہیں۔ ان مقدمات میں منشیات کی کیمیکل رپورٹس، دیگر شواہد اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد چالان عدالتوں میں جمع کرائے جائیں گے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے مزید مقدمات کے چالان مکمل ہوں گے، ان کے ٹرائل کا عمل بھی شروع ہوتا جائے گا۔
حکومت کے باوجود PTIپشاور میں بھی بڑا سیاسی شو کرنے میں ناکام
انمول عرف پنکی کیس میں پولیس کی جانب سے اب تک درج 21 مقدمات میں سے 8 مقدمات کا ٹرائل شروع ہونے جا رہا ہے۔ کیس کا مرکزی محور مبینہ منشیات نیٹ ورک، صارفین کی فہرست، منشیات کی تیاری اور سپلائی کے الزامات ہیں۔ عدالت میں آئندہ کارروائی فرد جرم، گواہوں کے بیانات اور پیش کیے جانے والے شواہد کی بنیاد پر آگے بڑھے گی۔
