ایران امریکہ مجوزہ امن معاہدے میں مرکزی کردار کس کا ہے؟

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ امریکی ٹی وی سی بی ایس نیوز کے مطابق فیلڈ مارشل کے دورۂ تہران نے مذاکرات کو حتمی نتیجے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں خلیجی ممالک اور لبنان بھی کشیدگی اور جنگی ماحول کا حصہ ہیں، تاہم صرف پاکستان ہی ایسا ملک ثابت ہوا جو مجوزہ مسودے کو حتمی شکل دینے میں کامیاب رہا۔
سی بی ایس نیوز کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران سے واپسی پر مجوزہ مسودہ ایرانی اور امریکی قیادت کو جائزے کے لیے بھجوایا گیا۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کو امریکا اور ایران دونوں کا اعتماد حاصل ہے جبکہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان مکمل ہم آہنگی ثالثی عمل کی کامیابی کا بنیادی عنصر بنی۔رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو “مائی فیورٹ فیلڈ مارشل” قرار دے چکے ہیں۔ امریکی ٹی وی نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی حکومت اور فیلڈ مارشل اسلام آباد مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان خلیج کم کرنے میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔
سی بی ایس نیوز نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ پاکستان ماضی میں بھی امریکا اور چین کے درمیان سفارتی روابط استوار کرنے میں بنیادی کردار ادا کر چکا ہے، اور حالیہ پیش رفت نے ایک بار پھر پاکستان کی سفارتی اہمیت کو عالمی سطح پر اجاگر کردیا ہے۔
