امریکا نے قبضے میں لیا گیا ایرانی بحری جہاز عملے سمیت پاکستان کے حوالے کر دیا

امریکا نے خلیج عمان سے قبضے میں لیاگیا ایرانی بحری جہاز عملے کے 22 ارکان سمیت پاکستان حوالے کردیا ہے۔
امریکی میڈیا نے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کا حوالہ دیتےہوئے رپورٹ کیا ہےکہ امریکا نے ایرانی بندرگاہوں پر ناکہ بندی کے دوران قبضے میں لیےگئے ایرانی کارگو کو عملے سمیت ایران کو واپس کرنے کی غرض سے پاکستان منتقل کردیا ہے۔
امریکی میڈیا نے سینٹ کام کےترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز کےحوالے سے بتایا ہے کہ امریکی افواج نے ایم وی توسکا اور اس عملے کے 22 ارکان کو وطن واپسی کےلیے پاکستان منتقل کردیا ہے۔
ترجمان سینٹ کام کیپٹن ٹم ہاکنز نے مزید کہاکہ چھ دیگر مسافروں کو گزشتہ ہفتے ایران واپسی کےلیے پہلے ہی ایک ملک منتقل کردیا گیا تھا۔
ترجمان کیپٹن ہاکنز کےمطابق توسکا جہاز کی تحویل بھی اس کے اصل مالک کو واپس کی جارہی ہے، کیوں کہ اسے گزشتہ ماہ ایران کےخلاف امریکی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کےدوران روکا اور ضبط کیاگیا تھا۔
امریکی حکام کے مطابق 19 اپریل کو جب توسکا کے عملے نے امریکی بحری جہازوں کی جانب سے دی گئی 6 گھنٹے کی وارننگ کو نظرانداز کیاتو ایک امریکی ڈسٹرائر نے جہاز کے انجن روم پر متعدد گولے داغے۔بعد ازاں امریکی میرینز نے جہاز پر چڑھائی کرکے اسے اپنی تحویل میں لےلیا تھا۔
