جمائمہ کی دوسری شادی عمران خان کے لیے بری خبر کیوں؟

تحریک انصاف کے ہمدردوں میں عمران خان کی پہلی اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ کی دوسری شادی کو اڈیالہ جیل میں قید بانی تحریک انصاف کے لیے ایک بری خبر قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ موصوفہ نے گزشتہ دنوں اپنے پہلے شوہر عمران خان کی رہائی کے لیے ایک عالمی مہم چلانے کا اعلان کیا تھا۔
52 سالہ جمائما نے 62 سالہ آئرش آسٹریلوی فنانسر کیمرون اوریلی سے ایک نجی تقریب میں شادی کر لی ہے۔ شادی کی تصدیق جمائما کے بھائی بین گولڈ سمتھ اور بھابھی جمائما جونز کی جانب سے سوشل میڈیا پر تقریب کی تصاویر شیئر کیے جانے سے ہوئی۔ دونوں کی منگنی کی اطلاعات رواں سال مئی میں سامنے آئی تھیں۔ کیمرون معروف آئرش میڈیا شخصیت سر اینتھونی او ریلی کے صاحبزادے اور کاروباری و مالیاتی شعبے سے وابستہ ہیں۔ جمائما اور کیمرون کی ملاقات فلم اور ڈاکیومنٹری کے شعبے میں پیشہ ورانہ کام کے دوران ہوئی، جبکہ گزشتہ ایک برس سے زائد عرصے کے دوران دونوں کے درمیان قربت بڑھی اور بالآخر یہ تعلق ازدواجی رشتے میں تبدیل ہو گیا۔
جمائما اس سے قبل عمران خان کی اہلیہ رہ چکی ہیں۔ دونوں کی شادی 1995ء میں ہوئی تھی اور تقریباً نو برس بعد جون 2004ء میں ان کی طلاق ہو گئی تھی۔ اس شادی سے ان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں۔ طلاق کے بعد جمائما نے برطانیہ میں اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھی اور سکرین رائٹر اور ڈاکیومنٹری پروڈیوسر کی حیثیت سے اپنی شناخت بنائی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ جمائما سے طلاق کے بعد گزرنے والے 22 برسوں کے دوران عمران خان نے مزید دو شادیاں کیں۔ انہوں نے جنوری 2015ء میں صحافی ریحام خان سے دوسری شادی کی جو تقریباً دس ماہ بعد ختم ہوگئی، جبکہ 2018ء میں بشریٰ بی بی سے تیسری شادی کی۔ یوں جمائما کی دوسری شادی کے وقت عمران خان اپنی تیسری اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ ازدواجی زندگی میں ہیں۔
تحریک انصاف کے ہمدردوں کے ایک حلقے میں جمائما کی دوسری شادی کو اس لیے بھی تشویش کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے کہ وہ ماضی میں عمران خان اور ان کے بیٹوں کے معاملات میں فعال کردار ادا کرتی رہی ہیں اور حالیہ عرصے میں انہوں نے عمران خان کی رہائی کے لیے عالمی سطح پر آواز اٹھانے اور ایک بین الاقوامی مہم چلانے کا اعلان بھی کیا تھا۔
عمران کی ازدواجی زندگی میں تین شادیاں شامل ہیں، جن میں پہلی شادی جمائما گولڈ اسمتھ، دوسری ریحام خان اور تیسری بشریٰ بی بی سے ہوئی۔ ان تینوں شادیوں کے درمیان وقفوں اور ادوار کو تاریخ وار دیکھا جائے تو ایک واضح ترتیب سامنے آتی ہے۔
یاد ریے کہ عمران خان کی نجی زندگی میں شادیوں کا معاملہ بھی ان کی سیاسی اور عوامی زندگی کی طرح ہمیشہ غیر معمولی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ انہوں نے پہلی شادی 1995ء میں برطانوی اشرافیہ سے تعلق رکھنے والی جمائما سے کی، جو تقریباً نو برس چلنے کے بعد 2004ء میں طلاق پر ختم ہوگئی۔ اس کے بعد انہوں نے 2015ء میں برطانوی پاکستانی صحافی ریحام خان سے دوسری شادی کی، جو صرف تقریباً دس ماہ بعد ختم ہوگئی، جبکہ 2018ء میں انہوں نے بشریٰ عرف پ کی پیرنی سے تیسری شادی کی۔
عمران خان اور جمائما کی شادی 16 مئی 1995ء کو پیرس میں ایک اسلامی نکاح کی صورت میں ہوئی تھی۔ اس وقت عمران خان کی عمر 42 برس تھی جبکہ جمائما کی عمر 21 برس تھی۔ بعد ازاں 21 جون 1995ء کو برطانیہ میں رچمنڈ رجسٹری آفس میں ان کی سول میرج بھی ہوئی۔ شادی کے بعد جمائما نے اسلام قبول کیا اور پاکستان منتقل ہوکر لاہور میں عمران خان کے ساتھ رہائش اختیار کی۔ اس شادی سے عمران خان کے دو بیٹے سلیمان عیسیٰ خان اور قاسم خان پیدا ہوئے۔ شادی کے ابتدائی برسوں میں جمائما نے پاکستان میں عمران کی فلاحی سرگرمیوں میں بھی ساتھ دیا اور شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے لیے ہونے والی مہمات میں شریک رہیں۔ بعد میں عمران خان کی سیاسی سرگرمیاں بڑھتی گئیں اور 1996ء میں تحریک انصاف کے قیام کے ساتھ ان کی سیاسی زندگی مزید فعال ہوگئی۔
22 جون 2004ء کو عمران خان اور جمائما گولڈ اسمتھ کے درمیان طلاق کا اعلان کر دیا گیا۔ عمران خان نے تب کہا تھا کہ جمائما نے پاکستان میں خود کو ڈھالنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ان کی سیاسی زندگی اور پاکستان میں رہائش نے جمائما کے لیے حالات کو مشکل بنا دیا تھا۔ جمائما سے طلاق کے بعد عمران خان نے تقریباً ساڑھے دس سال تک دوسری شادی نہیں کی۔ پھر 22 جون 2004ء کو پہلی شادی کے خاتمے کے بعد ان کی دوسری شادی 8 جنوری 2015ء کو پاکستانی صحافی اور ٹی وی اینکر ریحام خان سے ہوئی۔ اس طرح پہلی طلاق اور دوسری شادی کے درمیان تقریباً 10 سال 6 ماہ کا وقفہ رہا۔
تاہم عمران خان اور ریحام خان کی ازدواجی زندگی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔ 30 اکتوبر 2015ء کو دونوں نے باہمی رضامندی سے طلاق کا اعلان کیا۔ یوں 8 جنوری 2015ء سے 30 اکتوبر 2015ء تک یہ شادی تقریباً 9 ماہ اور 22 دن جاری رہی، جسے عمومی طور پر تقریباً دس ماہ کی شادی قرار دیا جاتا ہے۔ ریحام سے طلاق کے بعد عمران نے زیادہ عرصہ تنہا نہیں گزارا۔ تقریباً دو سال بعد ان کی تیسری شادی بشریٰ بی بی سے ہوئی۔ ریحام سے طلاق 30 اکتوبر 2015ء کو ہوئی جبکہ بشریٰ بی بی سے شادی کی عوامی طور پر تصدیق فروری 2018ء میں ہوئی۔ اس طرح دوسری طلاق اور تیسری شادی کے درمیان تقریباً 2 سال 4 ماہ کا وقفہ بنتا ہے۔
