محسن نقوی سے لبنانی وزیر داخلہ کی ملاقات، دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان کے دورے پر آئے لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار کی ملاقات میں داخلی سکیورٹی، دہشت گردی، منشیات، غیرقانونی امیگریشن اور دیگر سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار وزارت داخلہ پہنچے،جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، جس کےبعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات کیےگئے۔
ملاقات میں سکیورٹی تعاون،دہشت گردی، منشیات، غیرقانونی امیگریشن، منی لانڈرنگ اور سائبر کرائمز کی روک تھام کےلیے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے پولیس اکیڈمیز اور تربیتی پروگرامز کےلیے اشتراک کار بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی،جب کہ دہشت گردوں اور ڈرگ مافیا کی سرکوبی اور سکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کےلیے انٹیلیجنس شیئرنگ پر اتفاق کیاگیا۔
ملاقات میں انسداد منشیات کے شعبےمیں دونوں ممالک کے درمیان ہونےوالے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر مکمل عملدرآمد کا فیصلہ کیاگیا،اس کے علاوہ دونوں وزارت داخلہ کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کےلیے ایم او یو پر جلد دستخط کرنے پر بھی اتفاق کیاگیا
دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ کوآرڈینیشن بڑھانے کےلیے فوکل پرسنز مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیاگیا، جب کہ سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزہ فری انٹری کی سہولت فراہم کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں علاقائی صورت حال اور خطے میں پائیدار امن کےلیے پاکستان کی کاوشوں پر بھی گفتگو کی گئی،دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور لبنان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ امید ہے لبنانی وزیرداخلہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کےلیے نئی راہیں کھولےگا۔
لبنان کے وزیرداخلہ احمد الحجار نے پاکستان میں شاندار مہمان نوازی پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتےہوئے کہاکہ پاکستان برادر ملک ہے اور دونوں ممالک مشترکہ مفادات کے شعبوں،خصوصاً داخلی سکیورٹی میں تعاون کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
ملاقات میں وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری،وفاقی سیکرٹری داخلہ، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ڈی جی اے این ایف، چیئرمین نادرا،ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن، آئی جی اسلام آباد پولیس، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، سپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
