ایشیا کپ جیتناترجیح ہے،باتیں کرنیوالوں کوروک نہیں سکتے،سلمان علی آغا

قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغاکاکہناہےکہ دبئی ایشیا کپ جیتنےآئے ہیں باتیں کرنےوالوں کی پرواہ ہے نہ ہی انہیں روک سکتے ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کاپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے فائنل میں پچ اور کنڈیشنز دیکھ کر پلینگ الیون کا فیصلہ ہوگا، چاہے ٹیم میں فاسٹ باؤلرز شامل کیے جائیں یا اسپنرز۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور کپتان وہ کھلاڑیوں کو آزادی دیتے ہیں مگر اس بات کی اجازت کبھی نہیں دیں گے کہ کوئی کھلاڑی کسی کی توہین کرے یا ایسا عمل کرے جو ملک کے لیے نقصان دہ ہو۔
ہینڈ شیک کے معاملے پر سلمان علی آغا نے کہا کہ 2007 سے پروفیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں اور آج تک ایسا نہیں دیکھا کہ کسی ٹیم نے ہاتھ ملانے سے انکار کیا ہو، نہ ہی کرکٹ کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان اور بھارت کے تعلقات زیادہ کشیدہ رہے ہیں مگر کھلاڑیوں کے درمیان اس طرح کا رویہ کبھی نہیں ہوا۔
کپتان کا کہنا تھا کہ میدان کے باہر جو کچھ ہورہا ہے وہ ہمارے کنٹرول میں نہیں، ہم صرف میدان میں اپنی کارکردگی پر توجہ دیتے ہیں۔ میڈیا یا باہر کی باتوں سے ہمیں فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے اب تک ہم نے بہترین کرکٹ نہیں کھیلی، ہوسکتا ہے ہم نے اپنا بہترین کھیل فائنل کے لیے ہی سنبھال رکھا ہو جو کل سب کو دکھائیں گے۔
ٹاس سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کسی میچ میں ٹاس کی زیادہ اہمیت نہیں دیکھی گئی، کل بھی یہی ہوگا، یہ صرف کھیل کا آغاز ہے، حکمت عملی اس پر منحصر نہیں۔
فائنل سے قبل روایتی ٹرافی فوٹوشوٹ پر سوال کے جواب میں سلمان علی آغا نے کہا کہ ہم پروٹوکول فالو کریں گے، دوسروں کا آنا یا نہ آنا ان کی مرضی ہے۔
صائم ایوب سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایسا ٹیلنٹ ہے جو آئندہ 10 برس پاکستان کی نمائندگی کر سکتا ہے۔ اگرچہ بیٹنگ میں اب تک بڑی کارکردگی نہیں دکھا سکے لیکن فیلڈنگ اور باؤلنگ میں ان کا حصہ نمایاں ہے، مجھے یقین ہے کہ فائنل میں وہ کچھ خاص کر دکھائیں گے۔
