ترک ڈرامے ’کورلش عثمان‘ کے اثرات،خاتون نےاسلام قبول کرلیا

عالمی شہرت یافتہ ترک ڈرامے ’کورلش عثمان‘ کے اثرات سرحدوں سے بھی آگے بڑھ گئے، اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والی خاتون نے اس ڈرامے سے متاثر ہوکر اسلام قبول کرلیا۔
ترک میڈیا کے مطابق ترکی کے ڈرامے ’کورلش عثمان‘ سے متاثر ہوکر اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والی خاتون جولیتا لورینا مارٹینیز نے اسلام قبول کرلیا۔
ترک پروڈکشن کمپنی بزداگ فلم کے مطابق جولیتا لورینا مارٹینیز نے یہ ڈراما دیکھنے کے بعد ترک تاریخ اور اسلامی ثقافت میں گہری دلچسپی لینا شروع کی، جس نے بالآخر انہیں اسلام کی تعلیمات کا مطالعہ کرنے پر آمادہ کیا۔
جولیتا مارٹینیز نے بتایا کہ انہوں نے کووِڈ لاک ڈاؤن کے دوران ترک ٹی وی سیریز دیکھنا شروع کیں۔ان کے مطابق سیریز کی کہانی، تاریخ اور اسلامی معلومات نے انہیں اتنا متاثر کیا کہ انہوں نے قرآنِ مجید پڑھنا شروع کیا اور ’کورلش عثمان‘ دیکھنا شروع کرنے کے تقریباً 2 سال بعد انہوں نے کلمۂ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کر لیا۔
