کبریٰ خان اور گوہر رشید کی شادی کی افواہیں کیوں اڑیں؟

پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان اور اداکار گوہر رشید کی تصویر سوشل میڈیا پر آنے کے بعد صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی، اس حوالے سے دلچسپ تبصرے دیکھنے کو ملے۔
حال ہی میں کبریٰ خان نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جس میں اداکارہ نے گوہر رشید کے ساتھ وائرل ایک تصویر کے حوالے سے مداحوں کے تبصروں کا جواب دیا۔
پروگرام کے دوران میزبان کی جانب سے اداکارہ کو ان کی گوہر رشید کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ایک تصویر دکھائی گئی اور مداحوں کی جانب سے تصویر پر کئے گئے تبصروں بارے بتایا گیا۔
تصویر پر ایک مداح نے تبصرہ کیا کہ پیارا جوڑا ہے، شادی کرلو، اور دوسرے مداح نے تبصرہ کیا کہ ایک لڑکا اور لڑکی کبھی دوست نہیں ہو سکتے، کچھ دن میں ان کی شادی کی خبر آئے گی، ردعمل میں کبریٰ کا کہنا تھا کہ نہیں میں اس بات سے متفق نہیں ہوں کہ لڑکا اور لڑکی دوست نہیں ہو سکتے، وہ یقیناً بہت اچھے دوست ہو سکتے ہیں۔
تاہم اداکارہ نے شادی کے بارے میں کئے گئے تبصرے پر کوئی جواب نہیں دیا اور ہنستے ہوئے بات ٹال دی، بعدازاں شو کے دوران میزبان کی جانب سے دیئے گئے تین آپشنز میں سے شادی کے بارے میں ایک دلچسپ سوال کا جواب دیتے ہوئے کبریٰ خان نے گوہر رشید کا انتخاب کیا۔
اس سے قبل بھی ایک مداح نے کبریٰ کو سوشل میڈیا ٹرینڈز کی بنیاد پر ’’خبردار‘‘ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ گوہر رشید سے شادی نہ کریں‘‘ جس پر اداکارہ نے ہنستے ہوئے جواب دیا تھا کہ میں اور گوہر بہت اچھے دوست ہیں اور ایسا کچھ بھی نہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اداکارہ کبریٰ خان فلموں میں بولڈ کردار ادا کرنے کے بیان پر کافی زیر بحث رہی ہیں، اداکارہ نے ٹی وی انٹرویو کے دوران بتایا تھا کہ اگر سکرپٹ کی ڈیمانڈ پر ان کو بولڈ کردار ادا کرنا پڑا یا لڑکا بننا پڑا تو وہ اپنے پروفیشن کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے ان کرداروں کو باخوبی نبھائیں گی۔
جبکہ اسی پروگرام کے دوران اداکارہ سے جب پوچھا گیا کہ وہ کس اداکار کا نمبر بلاک کرنا چاہیں گی تو کبریٰ خان نے اداکارہ نبیل کا نام لیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کے نمبر کے ساتھ فیس بک پر بھی ان کو بلاک کرنا چاہتی ہیں۔
