ویمنز ایشیا کپ،پاکستان کوشکست،سری لنکانےفائنل میں جگہ بنالی

ویمنز ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکن ویمنز نے پاکستان ویمنز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے، جواب میں سری لنکا نے 18.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا کر کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 47 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ شوال ذوالفقار نے 16 گیندوں پر 24 جبکہ گل فیروزہ نے 32 گیندوں پر 21 رنز بنائے۔ عائشہ ظفر نے 7، صدف شمس نے 8 اور منیبہ علی نے 2 رنز بنائے، جبکہ طوبہ حسن 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔
سری لنکا کی جانب سے چماری اتھاپتھو نے 5 رنز بنائے، امیشا دلانی 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ ہرشیتھا سماراوکراما نے 31 گیندوں پر 36 اور کویشا دلہاری نے 33 گیندوں پر 33 رنز بنائے، جبکہ نلکشیکا سلوا نے صرف 10 گیندوں پر 18 اور کاؤشینی نوتھیانگانا نے 4 گیندوں پر 10 رنز بنا کر ٹیم کو ہدف تک پہنچایا۔
پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے گیند بازی میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور 3.4 اوورز میں 38 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سعدیہ اقبال اور امِ ہانی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا نے 131 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 18.4 اوورز میں 134 رنز بنائے اور 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔ یوں سری لنکا ویمنز نے پاکستان کو شکست دے کر ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی، فائنل میں سری لنکا کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔
