ویمنز ٹی20ورلڈ کپ:بھارت نےپاکستان کو 6وکٹوں سے شکست دیدی
آئی سی سی ویمنز ٹی20ورلڈ کپ میں انڈیا ویمنز نےپاکستان ویمنز کو6 وکٹوں سے شکست دیدی۔
ٹورنامنٹ میں بھارت کی پہلی جیت اور پاکستان کی پہلی شکست ہے۔ پہلے بھارت کو نیوزی لینڈ کے خلاف 58 رنز سے شکست ہوئی تھی جبکہ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کو31 رنز سے ہرایا تھا۔
دبئی کھیلے گئے میچ میں فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انجرڈ ڈیانا بیگ کی جگہ عروب شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔پاکستان ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔جواب میں انڈیا نے 18.5 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
پاکستان ٹیم کو پہلے ہی اوور میں گل فیروزہ ( صفر ) کا نقصان اٹھانا پڑا اور جب سدرہ امین 8 اور عمیمہ سہیل 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں تو سات اوورز میں پاکستان کا اسکور 3 وکٹوں پر صرف 33 رنز تھا۔
منیبہ علی 26 گیندوں پر17 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں ۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 41 کے اسکور پر گری ۔ اسکور کے 71 رنز تک آتے آتے عالیہ ریاض ( 4 ) فاطمہ ثنا ( 13 ) اور طوبٰی حسن ( صفر ) بھی آؤٹ ہوچکی تھیں۔
منیبہ علی کا کیچ 14 رنز پر ڈراپ ہوا جبکہ کپتان فاطمہ ثنا کا کیچ بھی صفر پر ڈراپ ہوا تاہم یہ دونوں ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔ دونوں مرتبہ فیلڈر آشا سوبھانا تھیں۔ندا ڈار ایک چوکے کی مدد سے 28 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ بھارت کی طرف سے ارون دھاتی ریڈی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ شریانکا پاٹل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کو سمرتی مدھانا کی شکل میں اہم وکٹ جلد ہی مل گئی جو 7 رنز بناکر سعدیہ اقبال کی گیند پر طوبٰی حسن کے ہاتھوں کیچ ہوئیں ۔ شفالی ورما اور جیمیما راڈرگس نے اسکور میں 43 رنز کا اضافہ کیا۔ شفالی ورما تین چوکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر عمیمہ سہیل کی گیند پر عالیہ ریاض کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔
فاطمہ ثنا نے اپنے تیسرے اوور میں لگاتار گیندوں پر جیمیما ( 23) اور ریچا گھوش ( صفر ) کو آؤٹ کردیا۔اسوقت انڈیا کا اسکور چار وکٹوں پر 80 رنز تھا تاہم کپتان ہرمنپریت کور نے 29 رنز اسکور کرکے اپنی ٹیم کی جیت کو ممکن بنادیا۔
ارون دھاتی ریڈی تین وکٹوں کی عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
پہلا ٹیسٹ:پاکستان نےانگلینڈ کیخلاف ٹیم کا اعلان کردیا
پاکستان ٹیم اپنا تیسرا میچ 11 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں کھیلے گی۔