آئمہ بیگ اور ہادی اپل کا ہسپانوی امتزاج کا گانا

معروف گلوکار ہادی اپل اور آئمہ بیگ نے ہسپانوی زبان کے امتزاج پر مبنی اپنے نئے گانے (تے کیریو) کو جاری کردیا۔
دونوں گلوکاروں نے پہلی بار اپنے گانے میں ہسپانوی زبان کے کچھ الفاظ شامل کیے ہیں اور دونوں کے اس گانے کو بہت سراہا جا رہا ہے۔
آئمہ بیگ اور ہادی اپل نے اپنی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر گانے کی ویڈیو شیئر کرتےہوئے مداحوں سے امید کا اظہار کیا کہ وہ ان کے گانے کو پسند کریں گے۔ آئمہ بیگ نے اپنی پوسٹ میں گانے کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اور ان کی ٹیم نے مذکورہ گانے کو تیار کرنے میں بہت محنت کی اور انہیں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کچھ مشکلات بھی پیش آئیں اور انہیں ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ وہ وقت پر گانے کو ریلیز نہیں کر سکیں گے۔


گلوکارہ نے لکھا کہ ٹیم کی ان تھک محنت کے بعد ( تے کیریو) کو جاری کردیا گیا اور انہیں یقین ہے کہ مداحوں کو ان کا اور ہادی اپل کا یہ گانا ضرور پسند آئے گا۔ ہادی اپل نے بھی اپنی پوسٹ میں گانے کی تیاری میں ساتھ نبھانے پر آئمہ بیگ اور دوسرے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی اس امید کا اظہار کیا کہ مداحوں کو ان کا گانا ضرور پسند آئے گا۔


( تے کیریو) گانے میں اردو زبان کے ساتھ ہسپانوی زبان کے چند الفاظ شامل کیے گئے ہیں۔ جن ہسپانوی زبان کے الفاظ کو شامل کیا گیا ہے، وہ محبت کے اظہار، محبوب کو یاد کرنے اور اظہار عشق کے جذبات کو بیان کرتے ہیں۔
دونوں گلوکاروں نے گانے کا عنوان بھی اردو کے بجائے ہسپانوی زبان میں رکھا ہے اور ان کے گانے کا عنوان ( تے کیریو) ہے جس کا انگریزی میں مطلب (آئی لو یو) جب کہ اردو میں اظہار محبت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button